کراچی میں ٹریفک حادثات میں موٹرسائیکل سواروں کے بڑھتے ہوئے جانی نقصانات کو روکنے کے لیے 3 شاہراہوں پر ہیلمٹ پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
شاہراہوں پر بغیر ہیلمٹ سفر کرنے پر پابندی کا فیصلہ ڈی آئی جی ٹریفک کراچی پیر محمد شاہ کی طرف سے کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر جن 3 سڑکوں کو ماڈل بنارہے ہیں ان میں کلفٹن بریج سے 2 تلوار، پی آئی ٹی ڈی سی سے سعودی قونصلیٹ اور شاہراہ فیصل شامل ہیں جن پر بغیر ہیلمٹ سفر کرنے پر پابندی عائد ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان سڑکوں پر ہم ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں گے، بائیکرز کو اس سلسلے میں آگاہی فراہم کریں گے، اگر پھر بھی کوئی بغیر ہیلمٹ کے موٹرسائیکل چلاتا ہے تو ہم انہیں سفر سے روکیں گے اور موٹرسائیکلوں کو چین لاک لگاکر بند کریں گے۔
ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق بائیکرز کے ہیلمٹ ساتھ لانے تک ان کی موٹرسائیکلز بند رہیں گی۔