جاپان کے شمال مشرقی ساحلی شہر اوفوناتو میں جنگلاتی آگ بھڑک اٹھی، جس نے درجنوں گھروں کو نقصان پہنچایا اور سیکڑوں رہائشیوں کو علاقہ چھوڑنے پر مجبور کر دیا۔
فائر اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق بدھ کے روز شروع ہونے والی اس آگ نے اب تک 2100 ہیکٹر (5190 ایکڑ) جنگل کو جلا کر راکھ کر دیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ آگ سے کم از کم 84 مکانات متاثر ہوئے ہیں جبکہ 1200 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ بعض علاقوں میں آگ کی شدت میں کمی آئی ہے، تاہم اسے مکمل قابو میں لانے کے لیے ملک بھر سے دو ہزار سے زائد فوجی اور فائر فائٹرز تعینات کیے گئے ہیں۔
جمعرات کے روز ایک شخص کی لاش سڑک پر ملی، اور حکام یہ جانچ رہے ہیں کہ آیا اس کی موت آگ سے منسلک ہے یا نہیں۔
جاپانی محکمہ موسمیات کے مطابق شمال مشرقی علاقے بشمول اوفوناتو، اس سال 1946 کے بعد سے اب تک کے سب سے خشک موسم سرما کا سامنا کر رہے ہیں، جب سے ملک میں موسمیاتی ریکارڈ جمع کرنا شروع کیا گیا تھا۔