جاپان نے گرانٹ اسسٹینس فار گراس روٹ ہیومین سیکیورٹی پراجیکٹ (جی جی پی) کے تحت پاکستان میں بچوں کی تعلیم کے لیے بڑی امداد کا اعلان کیا ہے۔
جاپان نے اسلام آباد کے علاقے ترنول میں ترقیاتی منصوبے کے تحت اسکول کی تعمیر کے لیے مقامی این جی او 12.2 ملین روپے کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس سلسلے اسلام آباد میں جاپان کے سفارتخانے میں جاپان کے سفیر اکاماٹسو شیوچی اور این جی او کے نمائندے کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوئے، معاہدے پر دستخط کرنے والی این جی او پاکستان میں کمیونٹی سروسز پروگرام کے تحت تعلیم ، صحت اور انفراسٹرکچر کے شعبے میں کام کر رہی ہے۔
کمیونٹی سروسز پروگرام کے تحت این جی او ترنول کے رمضانیہ محلے میں بچوں کو بہتر تعلیم کی فراہمی کے لیے ایک اسکول تعمیر کرے گی، این جی او اسکول کی تعمیر کے ساتھ اسکول کو فرنیچر بھی مہیا کرے گی۔
اسکول میں نرسری سے لے کر پانچویں جماعت تک لڑکے اور لڑکیوں کو مفت تعلیم دی جائے گی، اسکول کی عمارت فروری 2026 میں مکمل ہوگی۔
تعلیم خوشحال ملک کی بنیاد ہے، جاپانی سفیر
معاہدے پر دستخط کی تقریب میں جاپانی سفیر اکاماٹسو شیوچی نے کہا کہ تعلیم خوشحال ملک کی بنیاد ہے، تعلیم نے جاپان کی معاشی گروتھ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس منصوبے سے پاکستان میں بچوں کے معیار زندگی پر تعلیم کے ذریعے مثبت اثر پڑے گا، جو پاکستان کا مستقبل ہیں۔
جاپانی سفیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جاپان پاکستان میں انسانی تحفظ کے لیے گرانٹ امداد کے تحت مقامی این جی اوز کو بروقت فنڈز فراہم کرتا رہے گا۔