میئر لندن صادق خان نے رمضان لائٹس کے افتتاح کی ویڈیو شیئر کر دی

اسلامو فوبیا کا مقابلہ کرنے کے لیے سینٹرل لندن میں مسلسل تیسرے سال رمضان لائٹس کا اہتمام کیا گیا ہے، جس کا افتتاح میئر لندن صادق خان نے کیا۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر میئر لندن نے اس موقع کی ویڈیو شیئر کی ہے اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو رمضان کی مبارک باد پیش کی ہے۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیو میں لندن کی شاہراہ پر خوبصوت رمضان لائٹس روشن ہیں جو امن و سلامتی کا پیغام دیتی نظر آ رہی ہیں۔

خیال رہے کہ عید کے قریب آتے ہی یہ رمضان لائٹس، عید لائٹس میں تبدیل کر دی جائیں گی۔

میئر لندن صادق خان کے مطابق اسلامو فوبیا کے مقابلے کے لیے ہمیں لوگوں کو اپنے پُرامن دینِ اسلام کے بارے میں بتانا ہو گا، انہیں یہ بتانا ہو گا کہ ہم رمضان میں عبادت کرتے ہیں، روزے رکھتے ہیں اور افطار کے موقع پر غیر مسلم کے ساتھ افطار بھی کرتے ہیں، کیونکہ بعض افراد مسلمانوں کے بارے میں غلط باتیں پھیلاتے ہیں۔
رمضان 2025 کے آغاز کا جشن منانے کے لیے پیکیڈلی سرکس میں اس سال کی رمضان لائٹس کی تنصیب کر کے باضابطہ طور پر روشن کر دیا گیا ہے۔

یہ تیسرا سال ہے جب وسطی لندن کے قلب میں رمضان لائٹس نصب کی گئی ہیں، اس سال رمضان لائٹس کا اہتمام عزیز فاؤنڈیشن نے کیا ہے۔

واضح رہے کہ ان لائٹس کا اہتمام مختلف تہواروں کے موقع پر کیا جاتا ہے، جس کا مقصد امن و سلامتی اور تمام مذاہب میں بھائی چارگی کو فروغ دینا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں