ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی فوج کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کو برخاست کردیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی فوج کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف ایئر فورس جنرل چارلس کیو براؤن کو برخاست کردیا ہے۔

ٹرمپ نے اپنی ایکس پوسٹ پر جنرل چارلس کیو براؤن کو عہدے سے ہٹانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جگہ ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل ڈین ریزین کین کو جوائنٹ چیفس آف اسٹاف مقرر کررہے ہیں۔

تاہم بین الاقوامی میڈیا کے مطابق جنرل چارلس کیو براؤن کی برخاستی کا عمل متبادل جنرل کی تعیناتی سے بھی پہلے عمل میں لایا گیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے صدارت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد امریکی افواج کے ہیڈکوارٹر پینٹاگون سے متعلق کیا گیا اسے سب سے اہم فیصلہ قرار دیا جارہا ہے۔

اس کے علاوہ ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے نیوی کے سربراہ، ایئرفورس کے وائس چیف آف اسٹاف اور نیوی، ایئرفورس اور آرمی کے جج ایڈووکیٹ جنرلز کے بھی تبادلے متوقع ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی انتظامیہ کی طرف سے پیںٹاگون میں بڑے پیمانے پر تبادلوں اور تعیناتیوں، فنڈنگ میں کٹوتی اور امریکی افواج میں موجود سویلین ملازمین کی ملازمتیں ختم کرنے جیسے فیصلوں کا امکان ہے اور اس کا اظہار ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی کرچکے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے جنرل چارلس کیو براؤن کو فارغ کرنے کی وجہ بیان نہیں کی ہےتاہم وہ اس سے قبل انتخابی مہم کے دوران افواج کے ان جنرلز کو فارغ کے عزم کا اظہار کرچکے تھے جو ان کے مطابق افغانستان سے امریکا کے پریشان کن انخلا کے ذمہ دار تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں