کراچی میں ڈمپرز سے ہلاکتیں: ڈی آئی جی ٹریفک کو تبدیل کردیا گیا

کراچی میں آئے روز ڈمپرز سے ہلاکتوں کے بعد ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ کو تبدیل کردیا گیا۔

کراچی شہر میں ٹریفک حادثات میں اضافے کے بعد بڑا حکم نامہ آگیا، ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ کو تبدیل کرکے پیر محمد شاہ ڈی آئی جی ٹریفک کراچی تعینات کردیے گئے۔

ڈی آئی جی احمد نواز چیمہ کو سی پی او رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

سندھ میں تمام گاڑیوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت اجلاس میں کراچی میں بڑھتے حادثات پر اہم فیصلے کرلیے گئے، جس کے مطابق سندھ میں تمام گاڑیوں کے لیے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا گیا، کراچی میں ڈمپرز کے داخل ہونے کے اوقات کار تبدیل کردیے، رات 10 سے صبح 6 بجے تک اجازت ہوگی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ٹریفک مسائل اور بڑھتے ہوئے روڈ حادثات پر وزیراعلیٰ ہاؤس میں اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، وزیر بلدیات سعید غنی، وزیر ایکسائز مکیش کمار چاولہ، وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور دیگر شریک ہوئے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس میں شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ ایکسائز، بلدیات، ٹریفک پولیس اور ضلعی پولیس کو آئی جی پولیس کے ذریعے سخت ہدایات جاری کیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے گاڑیوں کی فٹنس، ٹریفک مینجمنٹ اور روڈ سیفٹی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے تاکہ حادثات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر اطلاعات شرجیل میمن کو ہدایت دی کہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں سے متعلق پریس کانفرنس کے ذریعے عوام کو آگاہ کیا جائے اور ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی کے حوالے سے عوامی شعور کو اجاگر کیا جا سکے۔

کراچی میں ڈمپرز کا وقت رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک کردیا گیا، شرجیل میمن
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ آج وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلے ہوئے، جن پر سختی کے ساتھ عمل درآمد کروایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ تمام ہیوی گاڑیوں کی فٹنس پر کام کرنے جارہی ہے۔ تمام گاڑیوں کو اب فٹنس سرٹیفکیٹ رکھنا لازمی ہوگا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ تمام ہیوی گاڑیوں کی فٹنس کروائے گا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ محکمہ ایکسائز نے آگاہ کیا ہے کہ 80 ہزار نمبر پلیٹس تیار ہیں۔ جن لوگوں کو نمبر پلیٹس سے متعلق شکایت ہیں وہ اپنی نمبر پلیٹ وصول کریں۔ جعلی نمبر پلیٹ اور ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر گاڑی چلانے پر سخت کارروائی ہوگی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ واٹر بورڈ نے اپنے ٹینکرز کو بار کوڈ دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ ان ٹینکرز کی بھی فٹنس کروا کر سرٹیفکیٹ دیے جائیں گے۔ بار کوڈ کے بنا ٹینکرز کو چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اسی طرح دیگر صوبوں سے آنے والی گاڑیوں کو سندھ کا فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جو گاڑیاں رجسٹرڈ نہیں ہیں، اس پر قانون پہلے ہی بن چکا ہے۔ جو گاڑیاں رجسٹرڈ نہیں وہ سڑک پر نہیں آ سکیں گی۔ شو روم سے باہر گاڑی بغیر رجسٹر ہوئے نہیں آسکے گی اور جس شوروم سے گاڑی بغیر رجسٹرڈ ہوئے باہر آئی اسے بند کیا جائے گا۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پولیس لائٹ یا ہوٹرز پرائیویٹ طور پر نہیں بیچے جا سکتے۔ اب ایسی دکانوں کی بھی مانیٹرنگ ہوگی جب کہ کم عمر بچے یا بڑے بغیر لائسنس کے گاڑی نہیں چلا سکیں گے۔

سینئر صوبائی وزیر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ڈمپرز کی ٹائمنگ تبدیل کی جا رہی ہے، اب رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک ہی ڈمپرز چل سکیں گے۔

پولیس فورس پیر سے سڑکوں پر دکھائی دینی چاہیئے، وزیر داخلہ سندھ
ادھر وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کی زیرصدارت ٹریفک حادثات کے اسباب، روک تھام، فیصلوں پر عملدرآمد کے حوالے سے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں اجلاس ہوا، جس میں آئی جی نبی میمن، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جیز، ہیڈ کوارٹرز، ڈی ایل برانچ، ٹریفک سمیت تمام زونل ڈی آئی جیز بھی شریک ہوئے۔
وزیرداخلہ ضیا الحسن لنجار کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے بھی ٹریفک ایشوز سے متعلق اجلاس میں احکامات دیے ہیں، ٹریفک ایشوز اور معاملات سے متعلق سخت پالیسی بنائیں۔

ضیا الحسن لنجار کا مزید کہنا تھا کہ ہیڈ کانسٹیبل کو بھی چالان ٹکٹس کے اجرا کا اختیار دے رہے ہیں، آئندہ پیر سے ایس ایس پیز ٹریفک کو سڑکوں پر دیکھنا چاہتا ہوں۔

وزیر داخلہ سندھ کا یہ بھی کہنا تھا کہ پولیس فورس پیر سے سڑکوں پر دکھائی دینی چاہیئے، میں یا میرے فیملی ممبر کو بھی ٹریفک رولز کی خلاف ورزی پر چالان دیا جائے۔

کراچی میں 2 مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق
علاوہ ازیں کراچی کے 2 مختلف مقامات پر حادثات میں ایک خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ رواں سال کے ابتدائی 45 دنوں میں مرنے والوں کی 107 ہوگئی۔

ریسکیوحکام کے مطابق ملیر میمن گوٹھ مزار کے قریب مبینہ طور پر ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شہری جاں بحق ہوا جاں بحق شخص کی شناخت شفیع اللہ کے نام سے ہوئی۔

ریسکیوحکام کے ریکارڈ کے مطابق شہر میں رواں سال ہونے والے مختلف ٹریفک حادثات میں 45 دنوں میں 107 افراد جاں بحق ہوئے، جاں بحق ہونے والے 107 افراد میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں ۔

رواں سال اب تک 78 مرد ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہوئے، بے ہنگم اور بے قابو ٹریفک نے 14 خواتین کی جان لے لی جبکہ ٹریفک حادثات میں معصوم بچے بھی محفوظ نہ رہے، مختلف ٹریفک حادثات کے دوران 11 بچے اور 4 بچیاں جاں بحق ہوئیں، اس کے علاوہ ٹریفک پولیس کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث 15 کے قریب شہری زخمی ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں