وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی کی تعمیر نو کا افتتاح کردیا ہے۔
منگل کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کراچی کی تعمیر نو مکمل ہونے پر افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ تھے جنہوں نے اس عظیم الشان بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر نو کا افتتاح کیا۔
افتتاح کے موقع پر عوام کی بڑی تعداد بھی نیشنل اسٹیڈیم کراچی پہنچ گئی، اسٹیڈیم کا افتتاح کرنے کے بعد شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جبکہ نامور گلوکاروں نے اپنی آواز کے جادو سے حاضرین کو معزوز کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اس موقع پر کہا کہ حکومت کراچی میں کھیلوں کی بھرپور سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے، 2018 میں نیشنل اسٹیڈیم کو حکومت سندھ نے اپ گریڈ کیا تھا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل کے لیے تمام سہولیات فراہم کی گئی تھیں، کراچی والے کرکٹ سے محبت کرتے ہیں، حکومت بھرپور سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن فائٹنگ گیم ہونا چاہیے۔
قائد کے شہر سے ہمارے وزیر اعلی اور گورنر، چیئرمین کرکٹ بورڈ کے ساتھ نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا دوبارہ افتتاح کرتے ہوئے
اسٹیڈیم کا افتتاح صدر آصف علی زرداری کو کرنا تھا، تاہم ان کی غیر موجودگی میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ان کی نمائندگی کی۔
تقریب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری،میئر کراچی مرتضی وہاب، وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے بھی شرکت کی۔
اس سے قبل اس اسٹیڈیم کی تعمیر نو میں حصہ لینے والے ورکرز کے اعزاز میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے استقبالیہ بھی دیا گیا، چیئرمین پی سی بی نے مزدوروں کے ہمراہ کھانا بھی کھایا، استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ نیشنل اسٹیڈیم کی مین بلڈنگ کا ڈیزائن بہت خوبصورت ہے، یہ اسٹیڈیم 4 ماہ کی قلیل مدت میں مکمل ہوا ہے،قذافی اسٹیڈیم لاہور سے بہتر یہ اسٹیڈیم تعمیر ہوا ہے، ورکرز نے نہ صرف قذافی اسٹیڈیم سے پہلے تعمیر کی بلکہ بلڈنگ کے اندر کی فنشنگ اور اسٹینڈرڈ لاہور سے بہتر بنایا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ ہرمزدور ہمارا ہیرو ہے، مزدوروں نے محنت سے دل جیت لیا ہے سب کا بہت شکریہ، ورکرز کی انتھک محنت کے باعث آج ہم سرخرو ہوئے، کئی مزدور دو، دو مہینے گھر نہیں گئے، 14 سے 16 گھنٹے یہاں کام کرتے رہے، نیسپا کی ٹیم نے بھی بہت محنت کی ہے، نیسپا کے ورکرز دن رات لگے رہے، پی سی بی کی ٹیم نے بھی 16 ، 18 گھنٹے کام کیا ہے، چھٹی تو ناممکن میرے خیال میں ان کی نیند بھی مشکل سے پوری ہوئی ہوگی، کئی دفعہ یہ گاڑیوں میں سوتے تھے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ہمیں اپنی ٹیم پر اعتماد ہونا چاہیے، جس طرح آپ بہادر لوگ ہیں ہماری ٹیم بھی بہادر ہے۔’خداراہ ایک آدھے میچ سے ناراض نہ ہوجایا کریں، یہ دیکھیں کہ اس ٹیم نے پچھلے تین، چار ماہ میں رزلٹ کیا دیا ہے، ۰ہم نے صرف ایک چیز دیکھنی ہے کہ ہماری ٹیم محنت کتنی کررہی ہے، ہار، جیت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ اگر تیم محنت کرتی نظر آئے تو کھلاڑیوں کو داد دیں، چاہے وہ ہارے یا جیتیں، ٹیم پر اعتماد کریں تو جس طرح اس نے پہلے اچھے نتائج دے ہیں آگے بھی دے گی، پی سی بی کو رضوان، ٹیم اور سلیکشن ٹیم پر مکمل اعتماد ہے، یہ میدان ماریں گے