ترکیہ کے ہوٹل میں آتشزدگی سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 76 تک پہنچ گئی، 50 سے زائد زخمی

شمال مغربی ترکیہ کے اسکی ریزورٹ ہوٹل میں پیر منگل کی درمیانی شب خوفناک آگ لگنے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 76 ہوگئی جبکہ 50 سے زائد زخمی ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق آگ ترکیہ کے علاقے کارتالکیا میں واقع 12 منزلہ گرینڈ کارٹل ہوٹل کے ریسٹورنٹ میں مقامی وقت کے مطابق رات 3 بج کر 27 منٹ پر لگی۔

حکام کے مطابق آگ ہوٹل کے ریسٹورنٹ سے شروع ہوئی اور دیگر منزلوں تک پھیل گئی۔

رپورٹ کے مطابق آگ سے بچنے کے لیے 2 افراد نے گھبرا کر عمارت سے چھلانگ لگا دی جو موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ دیگر افراد نے چادروں اور کمبلوں کا استعمال کرتے ہوئے عمارت کے کھڑکیوں سے نیچے اترنے کی کوشش کی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسکول کی چھٹیوں کی وجہ سے ہوٹل 90 فیصد افراد سے بھرا ہوا تھا جس میں تقریبا 238 مہمان موجود تھے۔

ترک وزارت داخلہ کے مطابق کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد آگ بجھا دی گئی ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ترکی کے وزیر انصاف یلماز تنک نے ریزورٹ میں آگ لگنے کی تحقیقات کے لیے چھ پراسیکیوٹرز کو تفویض کیا ہے۔ آگ لگنے کی وجہ ابھی تک معلوم نہ ہوسکی جس کی تحقیقات جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں