گوادر کے نئے تعمیر شدہ ایئرپورٹ پر آج پہلی پرواز لینڈ کرے گی

گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آج پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی پرواز لینڈ کرے گی، یہ پہلی کمرشل پرواز ہوگی جو پیر کو ہوئے افتتاح کے بعد نئے گوادر ائیرپورٹ پر اترے گی۔

پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے ایک اہلکار نے تصدیق کی کہ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ آج سے آپریشن شروع کرے گا۔

پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ کراچی سے گوادر جانے والی پرواز پی کے-503 پیر کو لینڈ کرے گی۔

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی ویب سائٹ پر دستیاب فلائٹ شیڈول کے مطابق، پرواز کی روانگی صبح 9 بج کر 20 منٹ پر متوقع ہے۔

مسافروں کے علاوہ ایوی ایشن ڈویژن کے اعلیٰ افسران بھی افتتاحی پرواز میں موجود ہوں گے۔

پرواز کو لینڈنگ پر واٹر باؤزر سے روایتی واٹر سیلوٹ ملے گا۔

نئے ایئرپورٹ پر وزیر دفاع اور ہوابازی خواجہ آصف کی جانب سے مسافروں کا استقبال متوقع ہے، افتتاحی پرواز کی خوشی میں ایک مختصر تقریب بھی منعقد کی جائے گی۔

گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل، وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی، چیف سیکرٹری شکیل قادر خان، سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن احسن علی منگی، ڈی جی پی اے اے ایئر وائس مارشل ذیشان سعید، ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس کے ڈی جی میجر جنرل عدنان آصف جاہ شاد اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈی جی ندیم شاہد اور دیگر بھی تقریب میں شرکت کریں گے۔

نئے ایئرپورٹ کا افتتاح وزیر اعظم شہباز شریف اور چینی وزیر اعظم لی کیانگ نے اکتوبر میں پاکستان کے دورے کے دوران کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں