فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کی قائمہ کمیٹی نے ’ہیلتھ اینڈ فٹنس گالا 2025‘کے جلد انعقاد کا اعلان کردیا ہے۔ فٹنس گالا 18 جنوری 2025 کو پولیس لائنز اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا۔
جمعہ کو فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ تاریخی تقریب معروف ہیلتھ اور فٹنس برانڈز بشمول معروف انٹرنیشنل اسپتال، شاہین کیمسٹ اور جیکڈ نیوٹریشن کے تعاون سے منعقد کی جائے گی جس کا مقصد کمیونٹی میں تندرستی، فٹنس اور صحت مند طرز زندگی کو فروغ دینا ہے۔
’ہیلتھ اینڈ فٹنس گالا‘ کے دوران معروف انٹرنیشنل اسپتال مفت لیب ٹیسٹ اور طبی مشورے دے گا، جس سے تقریب کے شرکا کو صحت سے متعلق ماہر طیب کی جانب سے رہنمائی اور آگاہی ملے گی جبکہ شاہین کیمسٹ کی جانب سے شرکا کو صحتمند اور تندرست رہنے کے لیے ادویات کے استعمال اور فارماسیوٹیکل کے حوالے سے مشورے پیش کیے جائیں گے۔
ایونٹ میں ’جیکڈ نیوٹریشن‘ 10 انٹرایکٹو بوتھس اور ایک متحرک سرگرم اسٹیج کے ساتھ شاندار فٹنس گالا کے انعقاد میں اپنا کردار ادا کرے گا۔
اعلامیے کے مطابق جیکڈ نیوٹریشن کے یہ بوتھس جدید این ایم این، بربرائن اور ریسویراٹرول جیسے اعلیٰ درجے کے سپلیمنٹس کے ساتھ اینٹی ایجنگ جیسی خدمات فراہم کریں گے۔
اس میں ورزش سے متعلق تربیت کی فراہمی، کارڈیو فٹنس سے متعلق حکمت عملی، فزیوتھراپی اور پیلیٹس کے ذریعے درد سے نجات سے متعلق تربیت اور آگاہی فراہم کی جائے گی، اس حوالے سے لی جانے والی ادویات سے متعلق آگاہی اور پروڈکٹس کے نمونے پیش کیے جائے گے اور ذہنی تناؤ سے نجات کے لیے حکمت عملی بتائی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق ’فٹنس گالا‘ میں اسٹیج پر لائیو میوزیکل پرفارمنس، ہائی انٹینسٹی بوٹ کیمپ ورزشیں، پش اپ اور ڈیڈ لفٹ چیلنجز، یوگا کے مظاہرے، غذاؤں سے متعلق بات چیت، کیلستھینیکس سرگرمیاں اور خواتین کے لیے مخصوص باڈی ویٹ ٹریننگ سیشنز بھی شامل ہیں۔ ان سیشنز کا مقصد شرکا کو زیادہ فعال اور متوازن طرز زندگی اپنانے کی ترغیب دینا ہے۔
اعلامیے کے مطابق فٹنس گالا میں پریمیم وٹامن پیک، جیکڈ نیوٹریشن پروڈکٹس کے ڈسکاؤنٹ واؤچرز اور فٹنس ٹریننگ سیشنز سمیت شرکا میں خصوصی تحائف تقسیم کیے جائیں گے تاکہ صحت کے حوالے سے شرکا کی زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی کی جاسکے۔
ہیلتھ اینڈ فٹنس گالا 2025 کا مقصد صحت مند اور زیادہ فعال زندگی گزارنے کے لیے افراد میں آگاہی اور بہتر زندگی گزارنے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ صنعتی ماہرین اور صحت و تندرستی کے ماہرین کو یکجا کر کے ایونٹ کا انعقاد انفرادی زندگی میں بہتری اور مجموعی فلاح و بہبود پر توجہ مرکوز کرنے میں معاونت کو فروغ دےگا۔