کشتی سانحہ: گجرات کے 2 نوجوانوں کو ہتھوڑوں سے مارا گیا

مراکش کے سمندر میں ظلم کی داستان رقم ہوئی جب 44 پاکستانیوں سمیت 50 افراد سمندر کا نوالہ بنا دئیے گئے۔

سانحے پر پاکستان کے شہر گجرات کے تین دیہات میں سوگ کا ماحول ہے، پھالیہ اور ملکوال کے نوجوانوں کے گھروں پر بھی قیامت ٹوٹ پڑی۔ ڈسکہ اور گجرات کے پانچ نوجوان خوش قسمتی سے موت کانوالہ بننے سے بچ گئے۔

واقعے میں بے رحمی، سفاکی اوردرندگی دیکھنے کو ملی۔ انسان نما بھیڑیوں کے سامنے بے بس تھی زندگی کوئی بھوک سے مرا۔ کوئی بیماری سے اور جو زندہ بچ گیا اسے تشدد کر کے مار دیا گیا۔

سانحے پر گجرات کے 3 دیہات میں سوگ کا ماحول ہے گاؤں جوڑا کا ابوبکر، میاں ریحان اور عمر مرزا اورعلی گاؤں گھر کو کا قصنین، شہزاد اور رضوان درندگی کی بھینٹ چڑھ گئے ڈھولہ کے سفیان اورعاطف کو ہتھوڑوں، راڈوں سے قتل کیا گیا۔

پھالیہ کے رہائشی دو بھائی بھی سمندر کا نوالہ بنے۔ حامد بشیر کی لاش مل گئی، ابرار کا تاحال کچھ اتاپتہ نہیں

ملکوال کے علاقہ ہریا کے ذیشان کو بھی افریقی ایجنٹ نے سمندر میں پھینک دیا جبکہ ڈسکہ کے علاقہ بڈھا گورائیہ کے ارسلان اور عرفان بھی جان بچانے میں کامیاب رہے گاؤں جوڑا کے عزیر اور مصطفیٰ، ڈھولہ کے مہتاب نے سمندر میں کود کر جان بچائی۔

تحقیقات کا مطالبہ
مراکش کشتی حادثے کی اعلیٰ سطح کی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے مراکش کشتی حادثے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی بنا دی گئی ہے۔ چار رکنی تحقیقاتی ٹیم آج مراکش روانہ ہوگی۔

ذرائع کے مطابق ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ سلمان چوہدری کو تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے پنجاب منیر مسعود بھی ٹیم میں شامل ہیں۔

دفترخارجہ اور آئی بی کا بھی ایک، ایک افسر ساتھ جائے گا۔ تحقیقاتی ٹیم تین سے چار روز مراکش میں قیام کرے گی۔ ٹیم زندہ بچ جانے والوں سے ملاقات کرے گی۔ ٹیم پاکستانیوں پر تشدد اور قتل کی بھی تحقیقات کرے گی

اپنا تبصرہ بھیجیں