دبئی میں پاکستان اور بنگلادیش کے قونصل جنرلز کی اہم ملاقات

پاک بنگلادیش تعلقات میں بہتری کے حوالے سے مزید پیشرفت ہوئی ہے، دبئی میں دونوں ممالک کے قونصل جنرل نے ملاقات کی۔

اے پی پی کے مطابق دبئی میں بنگلا دیش کے قونصل جنرل محمد رشیدالجمان نے پیر کو پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد سے قونصلیٹ جنرل آف پاکستان میں خیرسگالی ملاقات کی ۔

پاکستانی قونصل خانے کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق حسین محمد نے مہمان قونصل جنرل کا خیرمقدمت کی اور دونوں ممالک کے بالخصوص تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں ممالک کے قونصل جنرلز نے تعاون کے امکانات کا ادراک کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے اپنے متعلقہ قونصل خانوں کے تجارتی شعبوں کو مشغول کرنے پر اتفاق کیا۔

ملاقات کے دوران محمد رشید الجمان نے پرتپاک استقبال پر حسین محمد کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی قونصل خانے کی جانب سے فراہم کی جانے والی قونصلر خدمات کے حوالے سے قیمتی آراء کو سراہا۔

فریقین نے پاسپورٹ کے اجراء، قومی شناختی کارڈز اور ویزا کے طریقہ کار سمیت مختلف قونصلر خدمات پر تفصیلی بات چیت کی۔

دونوں ممالک کے قونصل جنرل نے کمیونٹی سروسز اور عوامی آگاہی کے اقدامات کے حوالے سے معلومات کے تبادلے اور مستقبل میں تعاون کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔

ملاقات میں دونوں اطراف کے سینئر سفارت کار بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں