شام کے شہر حلب میں 20,000 افراد کی اجتماعی قبر کا انکشاف

شام میں سیکورٹی حکام نے حلب شہر کے مضافات میں واقع خان العسل نامی علاقے میں ہزاروں لاشوں پر مشتمل ایک اجتماعی قبر دریافت کی ہے۔

ترک خبر رساں ادارے ٹی آر ٹی کی خبر کے مطابق حلب پولیس کے آپریشن افسر عمر رحال نے مقامی گورکنوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ حلب شہر میں 5 اجتماعی قبریں موجود ہیں، جن میں سے ایک خان العسل کے علاقے میں ہے، جہاں تقریباً 20,000 افراد کو دفن کیا گیا ہے۔ ان میں سے تقریباً 10,000 لاشوں کی شناخت نمبروں کے ذریعے کی گئی ہے، جنہیں سیکورٹی اداروں نے قبریں کھودنے والے اور مردہ دفن کرنے والے مرکز کے حوالے کیا تھا۔ یہ مرکز لاشوں کو دفنانے اور ان کے لیے نمبر مختص کرنے کا کام کرتا ہے۔ باقی نامعلوم افراد کی لاشیں ہیں، جن پر کوئی شناختی نشان نہیں۔

آپریشن افسر کا کہنا ہے کہ اجتماعی قبروں کی دریافت کے بعد ان پر پہرہ لگا دیا گیا ہے اور بین الاقوامی کمیٹیوں کی آمد کا انتظار کیا جا رہا ہے تاکہ لاشیں نکال کر ان کی شناخت کی جا سکے۔

قبریں کھودنے والے محمد صبحی نے بتایا کہ 2012 سے بشار الاسد کے زیرانتظام سیکورٹی ادارے ان افراد کی لاشیں جو حراست کے دوران مر جاتے ہیں، انہیں فوجی اسپتال بھیجتے تھے، جہاں ان لاشوں پر مخصوص کوڈ لگائے جاتے تھے۔

خان العسل کی اجتماعی قبر میں تقریباً 8,000 لاشوں، حلب کی قبر میں 7,000 لاشوں، اور النقیریں کی قبر میں 1,500 لاشوں کی دستاویز بندی کی گئی ہے۔ آخری تدفین 3 ماہ قبل انجام دی گئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں