انٹرنیٹ اسپیڈ میں کمی کی بڑی وجہ وی پی این ہے، پی ٹی اے

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک میں انٹرنیٹ کی سست وری کے حوالے سے تحقیقات مکمل کرلی ہیں، تحقیقاتی رپورٹ میں وی پی این کا زیادہ استعمال انٹرنیٹ کی سست اسپیڈ کی بنیادی وجہ قرار دیا گیا ہے۔

پی ٹی اے نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ وی پی این نے ملک میں انٹرنیٹ کی مزید سست روی میں کردار ادا کیا، وی پی این ٹریفک کی وجہ سے بینڈ وڈتھ میں میں غیر ملکی زرمبادلہ کے نقصان کا بھی اندیشہ ہے، وی پی اینز کے استعمال سے ہر میگا بائٹ پر ایک ڈالر خرچ آتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انٹرنیٹ میں خلل کی وجہ سے ملک میں وی پی این کا استعمال کئی گنا بڑھ گیا ہے، مقامی سی ڈی اینز (کنٹنٹ ڈیلیوری نیٹ ورکس) کو نظرانداز کیا جا رہا ہے، پاکستان میں 70 فیصد انٹرنیٹ سی ڈی اینز کے ذریعے فراہم کیا جاتا ہے۔وی پی این سی ڈی اینز کو بائی پاس کرکے ٹریفک کو انٹرنیشنل سرور پر منتقل کردیتا ہے جو مقامی سطح پر انٹرنیٹ کو سست کردیتا ہے۔

پی ٹی اے نے تجویز دی ہے کہ انٹرنیٹ کی سست روی سے نمٹنے کے لیے ملک میں زیرسمندر کیبلز کی گنجائش بڑھائی جائے اور مقامی لوڈنگ سسٹم کو بہتر کیا جائے۔

رپورٹ میں مزید نشاندہی کی گئی ہے کہ وی پی اینز کے ذریعے بینڈوڈتھ کا استعمال گزشتہ سال اگست میں 634 جی بی پی ایس، ستمبر میں 597 جی بی پی ایس، اکتوبر میں یہ شرح 815 جی بی پی ایس ریکارڈ کی گئی تھی، نومبر میں وی پی اینز کے ذریعے بینڈوتھ کا استعمال 378 جی بی پی ایس تھی، جبکہ دسمبر میں انٹرنیٹ کی بہتری کے بعد یہ استعمال 437 جی بی پی ایس رہا ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں