وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی بندرگاہ پر کسٹمز کلیئرنس کے خود کار نظام ’فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم‘ کا افتتاح کردیا ہے۔
کراچی میں فیس لیس کسٹمر اسسمنٹ سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کسٹمز اور ایف بی آر کے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کسٹمز اور ایف بی آر نے 77 سالہ ملکی تاریخ کی سب سے اہم کامیابی حاصل کی ہے جس کی قوم کو بہت عرصے سے انتظار تھا، اس کا ہونا ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی کے لیے ناگزیر امر تھا۔
شہباز شریف نے کہا ’میں سمجھتا ہوں کہ آج ہم نے جو فیس لیس انٹریکشن دیکھا ہے، اس سسٹم پر امپورٹر کا نام اور پتا بھی آتا ہے، کسٹمز اور کراچی بندرگاہ پر جو درجہ بدرجہ انسپیکٹرز ہیں، ابھی ہم نے ایک، دو افسران سے چبتے ہوئے سوالات پوچھے، انہوں نے بہت مناسب جوابات دیا کہ ایک کھیپ 10 منٹ میں ہوجاتی ہے اور اگر ایک سے زیادہ کھیپ ہوں تو 15 سے 20 منٹ لگ جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جدید خود کار نظام میں انسانی مداخلت کم سے کم ہوگی، یہ نظام نوزائیدہ ہے، اس کو شروع ہوئے اگرچہ 3 ہفتے ہوئے ہیں تاہم اس 3 ہفتے میں وقت 107 گھنٹوں سے کم ہوکر 19 گھنٹے پہ آگیا ہے، کم وقت میں زیادہ کام ہورہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس نظام سے ملک کے بوسیدہ نظام کا خاتمہ ہوگا، جب سے حکومت آئی ہے ہم نے اصلاحات پر توجہ دی ہے، جی ڈی پی کے تناسب سے محصولات کی شرح 10 فیصد سے زیادہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ٹیکس کم کرنے ہوں گے، اس کے بغیر ملک میں سرمایہ کاری نہیں آسکتی، بہت جلد وہ وقت آئے گا جب ٹیکس کم ہوں گے اس سے چوری کا امکان بھی بہت کم ہوگا اور سرمایہ کار باہر سے اپنا سرمایہ لے کے پاکستان آئے گا۔