نیتن یاہو نے گریٹر اسرائیل کا نقشہ جاری کردیا، عرب دنیا میں کھلبلی

صیہونی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے گریٹر اسرائیل کا نقشہ جاری کردیا ہے، مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے علاوہ اردن، شام، لبنان اور دیگر عرب ممالک کو بھی اس متنازع نقشہ کا حصہ دکھایا گیا ہے۔

سعودی عرب، قطر، اردن اور متحدہ عرب امارات (یواے ای) نے اس متنازع اسرائیلی نقشے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مسترد کردیا ہے۔

سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ایسے بے بنیاد اور انتہاپسند اقدامات اسرائیلی حکام کے غاصبانہ ارادوں کو ظاہر کرتے ہیں۔ ایسے اقدامات قبضے کو مستحکم کرنے اور ریاستوں کی خودمختاری پر حملے اور عالمی قوانین کی خلاف وزی کا اظہار کرتے ہیں۔
سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری خطے کے ممالک اور عوام پر جاری اسرائیلی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے کردار ادا کرے۔

بیان میں اس بات پر زوردیا گیا کہ ممالک کی خود مختاری اور ان کی سرحدوں کا احترام کیا جائے تاکہ خطے میں مستقل بنیادوں پر امن کے قیام کی کوششوں کو کامیاب کیا جاسکے۔

غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری

ایک طرف اسرائیل عرب دنیا پر قبضے کے خواب دیکھ رہا ہے تو دوسری جانب غزہ میں جارحیت جاری رکھے ہوئے ہے۔ اسرائیل نے غزہ میں پناہ گزین کیمپوں پر بمباری کرکے گزشتہ چوبیس گھنٹے میں مزید اکیاون فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی کردئے۔

عرب میڈیا کے مطابق غزہ سٹی پارک، جبالیہ اور البریج کیمپ پر حملے میں بیس افراد شہید ہوئے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق شہدا میں شیر خوار بچے سمیت خواتین بھی شامل ہیں۔

حلایہ حملوں کے بعد غزہ میں شہدا کی مجموعی تعداد پینتالیس ہزار نو سو چھبیس ہوگئی ہے، جبکہ ایک لاکھ نو ہزار دو سو چوہتر فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں۔

غزہ میں حماس کے ساتھ جھڑپوں میں تین اسرائیلی فوجی بھی ہلاک ہوئے، اسرائیلی فوج نے ہلاکتوں کی تصدیق کردی ہے۔

ادھر مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیل کی بمباری سے بچے سمیت تین فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے، جبکہ آپریشن کے دوران اسرائیلی فوج نے پچاس فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں