نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا میں ڈیٹا سینٹرز بنانے کے لیے 20 بلین ڈالر کی نئی سرمایہ کاری کا اعلان کردیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ نے کہا کہ امریکا میں سرمایہ کاری کی سربراہی کرنے والے اماراتی ارب پتی حسین سجوانی ہیں۔
اماراتی ارب پتی حسین سجوانی نے آئندہ چند سالوں میں امریکی ڈیٹا سینٹر انڈسٹری میں 20 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
حسین سجوانی کی سرمایہ کاری پورے امریکا خاص طور پر ایریزونا، الینوائے، انڈیانا، لوزیانا، مشی گن، اوہائیو، اوکلاہوما، اور ٹیکساس جیسی ریاستوں میں نئے ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر پر توجہ مرکوز کرے گی۔
فلوریڈا میں ٹرمپ کے مار اے لاگو ریزورٹ میں خطاب کے دوران سجوانی نے کہا کہ کمپنی امریکا میں سرمایہ کاری کے لیے گزشتہ چار برس سے انتظار کر رہی ہے۔
رئیل اسٹیٹ ارب پتی حسین سجوانی نے منتخب صدر کے ساتھ کھڑے ہوکر نئے امریکی ڈیٹا سینٹرز بنانے کے لیے کم از کم 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا۔
دوسری جانب امریکی میڈیا کے مطابق ٹیک کمپنیز نے ڈونلڈ ٹرمپ کو لاکھوں ڈالرز کے افتتاحی فنڈز دے دیے، اپیل، میٹا، اوپن اور ایمازون نے دس، دس لاکھ ڈالرز کے فنڈز دیے جس کا مقصد نئے صدر کے ساتھ مثبت تعلقات استوار کرنا ہیں۔