دوران حج کئی بھارتیوں کی جان بچانے والا ’پاکستانی‘ بڑے بھارتی ایوارڈ کیلئے نامزد

گزشتہ برس حج کے دوران کئی حاجیوں کی جان و مال کی حفاظت کرنے والے پاکستانی شہری آصف بشیر کو ان کی بہترین خدمات کے پیش نظر بڑے ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔

حج 2024 کے دوران انہوں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر 24 ہندوستانی حاجیوں سمیت 44 عازمین حج کو شدید گرمی سے بچایا تھا۔ قریبی طبی امداد کے بغیر انہوں نے لوگوں کو محفوظ مقام پر پہنچایا اور ان کی جانیں بچائی تھیں۔ انہیں ان کے بہادرانہ کام کے لیے ایک باوقاربھارتی سول ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستانی نوجوان آصف بشیر کو ان کی شاندار حدمات کے لیے اعزاز سے نوازنے کے لیے 26 جنوری 2025 کو ایوارڈ وصول کرنے کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔ انہوں نے بھارت سمیت پاکستان میں متعدد لوگوں کی توجہ حاصل کی ہے۔

اس واقعے سے متعلق جاننے کے بعد وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے بھی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے وزارت خارجہ اور وزارت مذہبی امور کو ہدایت کی ہے کہ وہ منیٰ ریسکیو آپریشن سے متعلق ایک جامع تحقیقاتی رپورٹ فراہم کریں۔

وزیر اعظم نے اس واقعے کے حالات اور اسے عالمی سطح پر ملنے والی پذیرائی کو سمجھنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم جاننا چاہتے ہیں کہ سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانے یا قونصلیٹ جنرل کے حکام آصف بشیر کے بہادرانہ اقدامات سے آگاہ تھے۔ جس کے لیے وزیراعظم نے وزارت مذہبی امور اور دفتر خارجہ سے ہفتے کے آخر تک تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کا کہا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف بشیر کے بھارتی ایوارڈ وصول کرنے سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف بھی انہیں انکی بہادری اور انسانی ہمدردی کی کوششوں کے باعث انہیں بہترین ایوارڈ سے نواز کر خراج تحسین پیش کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں