بارش برسانے والا سسٹم آنے کو تیار، کہیں ہوگی بارش اور برفباری، کہیں رہے گا دھند کا راج

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بارش برسانے والا مغربی سسٹم آج بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں 4 جنوری تک بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

سسٹم کے زیراثر لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش اور آزاد کشمیر میں برفباری کی توقع کی جارہی ہے جبکہ خیبرپختونخوا سمیت پنجاب کے مختلف شہر دھند اور اسموگ کی لپیٹ میں رہیں۔
درجہ حرارت میں کمی کے باعث تھرپارکر سمیت سندھ کے بعض علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ دوسری جانب کراچی میں 4 جنوری سے سردی بڑھنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، شہر قائد میں درجہ حرارت 10 ڈگری سے نیچے جاسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے آج شمال اور مغربی بلوچستان، بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اورملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ اسلام آباد اور گردونواح میں بھی موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش اور بونداباندی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، آج شام اور رات کے دوران بالائی خیبرپختونخوا میں چند مقامات پر درمیانی سے شدید بارش اور بعض علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔ پنجاب کے زیادہ ترمیدانی علا قوں اور بالائی سندھ میں صبح اور رات کے اوقات میں درمیانی سے شدید دُھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

گزشتہ رات مری اور گردونواح میں شدید بارش جبکہ اسلام آباد میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے باعث موسم سرد وفاقی دارالحکومت اور گردونواح کے علاقوں میں موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔
پنجاب میں شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک، موٹروے ایم 3 عبدالحکیم تک، ایم 4 فیصل آباد سے شورکوٹ تک، ایم 5 موٹروے رحیم یار خان سے گھوٹکی تک جبکہ لاہور سیالکوٹ ایم 11 موٹروے بھی شدید دھند کے باعث بند کردی گئی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دھند کے موسم میں سفر کے لیے بہترین اوقات صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک ہیں۔

گذشتہ 24 گھنٹے کا موسم ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہا۔ تاہم شمالی بلوچستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور بونداباندی ہوئی۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع اور بالائی سندھ میں درمیانی سے شدید دُھند چھائی رہی۔

آج ریکارڈ کیے گئے کم سےکم درجہ حرارت: اسکردو، گوپس منفی 09، لہہ منفی08، گلگت منفی 06، استور منفی 05، ہنزہ اور چترال میں منفی 04 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا

اپنا تبصرہ بھیجیں