حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیوں کی بیٹھک

حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیاں آج ایک بار پھر سر جوڑیں گی، لیکن اجلاس کا وقت تبدیل کر دیا گیا ہے، اجلاس اب آج سہہ پہر ساڑھے 3 بجے ہوگا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے امید ظاہر کی کہ نیا سال اچھی تبدیلیاں لائے گا۔

چئیرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں کھلے دل سے بیٹھنا چاہیے، ساتھ بیٹھیں گے تو ساری باتیں ہوگی، کوشش کی جائے تو جلد حل نکل سکتا ہے۔

ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹیوں کے اجلاس کا وقت تبدیل کردیا گیا، اجلاس اب آج دن ساڑھے 11 بجے کے بجائے سہہ پہر ساڑھے 3 بجے ہوگا۔

قومی اسمبلی کے ترجمان نے مزید بتایا کہ اجلاس کے وقت میں تبدیلی اراکین کی درخواست پر کی گئی، اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق اجلاس کی صدارت کریں گے جبکہ اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس کے کانسٹیٹیوشن کمیٹی روم میں منعقد ہوگا۔

واضح رہے کہ 23 دسمبر کو پی ٹی آئی اور حکومتی کمیٹیوں کے درمیان اسپیکر ہاؤس میں ہونے والی پہلی ملاقات میں مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق ہوا تھا جب کہ وزیراعظم نے ملک کے وسیع تر مفاد کے لیے مذاکرات میں مثبت پیش رفت کی امید کا اظہار کیا تھا۔

حکومتی کمیٹی میں نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار، سینیٹر عرفان صدیقی، رانا ثنااللہ، نوید قمر ، راجا پرویز اشرف اور فاروق ستار، جب کہ پی ٹی آئی کی جانب سے اسد قیصر، اعجاز چوہدری، حامد رضا اور علامہ راجا ناصر عباس شامل تھے۔

اس میٹنگ کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کے لیے قائم کمیٹی میں اعجاز الحق اور خالدمگسی کو بھی شامل کرلیا تھا۔

وزیر اعظم نے مذاکراتی عمل میں مثبت پیش رفت کی امید ظاہر ہوئے کہا تھا ملک کی وسیع تر مفاد کے لیے مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں