کراچی میں مختلف مقامات پر پارہ چنار میں ہونے والے واقعے پر مجلس وحدت المسلمین کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں، دھرنوں کے باعث متعدد علاقوں کی مرکزی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
یونیورسٹی روڈ، مین ایم اے جنا ح روڈ نمائش چورنگی ٹریفک کے لیے بند ہے جبکہ ابوالحسن اصفانی روڈ،سپر ہائی وے کے سامنے دونوں اطراف کی سڑکیں بند ہونے سے آفس جانے والے تمام افراد مشکل سے دوچار ہیں۔
فائیو اسٹار چورنگی مکمل بند ہے۔ ٹریفک پولیس کراچی نے دعویٰ کیا کہ سروس روڈ سے ٹریفک کی روانی جاری ہے۔
علی الصبح یونیورسٹی روڈ کو سپاری پارک کے پاس سے بند کردیا گیا جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی لانیں لگ گئیں۔ اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ مین شاہراہ فیصل کالا چھپرا، نیشنل ہائی وے ملیر15 برج چڑھائی، قائدآباد کی سڑک بند ہے۔
ٹریفک پولیس کراچی نے موجوہ صورتحال پر مسافروں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔