بنگلا دیش کے اہم فاسٹ بولر مستفیض الرحمان انگلینڈ کے ڈیوڈ ولی اور اوپننگ بلے باز جیسن رائے نے پی ایس ایل 10 کے ڈرافٹ کے لیے سائن کر لیا۔
مستفیض الرحمان نے آئندہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے لیے رجسٹریشن کرائی ہے، وہ ٹورنامنٹ میں شامل ہونے والے بین الاقوامی کھلاڑیوں کے پول میں شامل ہو گئے ہیں۔
اس سے قبل، انگلینڈ کے اوپننگ بلے باز جیسن رائے نے بھی پی ایس ایل 10 کے لیے سائن اپ کیا تھا، جس نے ستاروں سے بھرپور لائن اپ میں اضافہ کیا۔ علاوہ ازیں پی ایس ایل انتظامیہ نے انگلینڈ کے ڈیوڈ ولی اور آسٹریلیا کے عثمان خواجہ کی شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔
ڈیوڈ ولی کو انڈین پریمیر لیگ میں لکھنؤ سپر جائنٹس نے اپنے اسکواڈ کا حصہ بنایا تھا تاہم انھوں نے اب بھارتی ٹورنامنٹ سے دستبرداری اختیار کرلی اور پی ایس ایل کو ترجیح دی ہے۔ انگلش کرکٹر نے مہنگی ترین بھارتی لیگ کو اہمیت نہ دیتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کیلئے پلئیر ڈرافٹ میں خود کو رجسٹرڈ کروانے کا اعلان کیا ہے۔
اس سے قبل ہونے والے پی ایس ایل کے 9 ویں ایڈیشن میں انگلش کرکٹر نے ملتان سلطانز کی نمائندگی کی تھی انھیں فرنچائز نے باضابطہ طور پر سائن کیا تھا اور ان کی پرفارمنس بھی اچھی رہی تھی۔
پی ایس ایل میں ڈیوڈ ولی نے اپنے 11 میچز میں 20.40 کی اوسط اور 7.46 کے اکانومی ریٹ سے 15 وکٹیں حاصل کیں تھی اور سیزن کے چوتھے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والر بولر بنے تھے۔
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے 2025 کے ڈرافٹ کے سلسلے میں غیرملکی پلیئرز کی رجسٹریشن جاری ہے یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ کئی نامور انگلش کرکٹرز رجسٹریشن کے عمل کا حصہ ہیں۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن 10 کےلیے کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا عمل اس وقت جاری ہے جس کا ڈرافٹ 11 جنوری کو گوادر میں ہونا ہے