جنوبی افریقی سرزمین پر شاہینوں نے تاریخ رقم کردی، پروٹیز پہلی بار اپنے ہی گھر میں ون ڈے فارمیٹ میں کلین سویپ ہوگئے، آخری ون ڈے میں پاکستان نے ڈک ورتھ لوئس کے تحت 36 رنز سے میدان مارا، 308 کے تعاقب میں میزبان ٹیم 271 رنز پر آؤٹ ہوئی۔
جو کوئی ملک نہ کرسکا وہ پاکستان نے کردکھایا، آخری ون ڈے میں بھی شاہینوں کی اونچی اڑان بھری اور پروٹیز ہوم گراؤنڈ میں بار پہلی کلین سویپ ہوگئے۔
جوہانسبرگ میں فی اننگز 47 اوورز کا میچ رہا، پاکستانی بیٹرز نے میزبان بالرز کی خوب خبر لی۔
رضوان نے 53، بابرنے 52 رنز کا حصہ ڈالا، تو صائم ایوب نے 101 رنز کی اننگز کھیلی۔ سلمان آغا نےجارحانہ 48 رنز بنا ڈالے۔ ٹوٹل 9 وکٹوں پر 308 تک پہنچ گیا۔
اس ہدف تعاقب میں پروٹیز کی بیٹنگ لڑکھڑائی، قومی بالرز نے 123 پر آدھی ٹیم ٹپکا دی، اس دوران ہینری کلاسن نے ہلچل مچائی اور 81 رنز داغ دیئے۔ شاہین آفریدی نے ان کی وکٹ لے کر پروٹیز کی کمرتوڑ دی۔
اسپنر سفیان مقیم نے چار کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا اور میزبان اننگز 271 رنز پر دم توڑ گئی۔ جس کے بعد محمد رضوان نے فاتح ٹرافی اٹھائی۔