یونان کشتی حادثہ کیوں پیش آیا، وجہ سامنے آگئی

چند روز قبل یونان کے قریب کشتی کے حادثے میں کم از کم 4 پاکستانی شہری سمندر میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے تھے۔ اس حادثے کی وجوہات منظر عام پر آگئی ہیں۔

یونان کشتی حادثہ میں زندہ بچ جانے والے پاکستانیوں نے حادثے کی تفصیلات کے بارے میں بتایا ہے کہ وہ جس کشتی پر سوار تھے اس کا انجن، واکی ٹاکی اور جی پی ایس خراب تھے۔ متاثرین نے بتایا کہ اس چھوٹی سی کشتی میں 80 سے زائد افراد سوار تھے، بپھرے سمندر کی اونچی لہروں میں کشتی کارگو جہاز سے ٹکرا کر الٹ گئی۔
متاثرین نے مزید بتایا کہ درجنوں پاکستانی ہماری آنکھوں کے سامنے ڈوب گئے، کارگو شپ نے ہمیں بچایا، ہمارے کپڑے اور موبائل فون سمیت سارا سامان بہہ گیا۔ متاثرین نے مدد کی اپیل کی ہے۔

دوسری جانب، یونان میں پاکستانی سفیر عامرآفتاب قریشی نے کہا ہے کہ کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہریوں کی لاشیں سفارتخانہ اپنے اخراجات پرپاکستان روانہ کرے گا۔ سفیر عامرآفتاب قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے پر بنائی گئی کمیٹی وزیراعظم کورپورٹ پیش کرے گی، جولوگ اس مکروہ کاروبارمیں ملوث ہیں انہیں کیفرکردارتک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق افراد نامعلوم مقام پرہزاروں فٹ گہرے سمندرمیں ڈوب گئے، جائے حادثہ پر ریسکیو آپریشن جاری ہے تاہم لاپتا افراد کے بچنے کی امید کم ہے۔

پاکستانی سفیر نے مزید کہا کہ لیبیا سے غیرقانونی طریقے سے جانے والی 5 کشتیوں پر پاکستانی سوار تھے، جس کشتی میں پاکستانی سوار تھے، اس کے اندر پہلے شگاف پڑا اور پھرڈوب گئی، کشتی پر80 سے زائد پاکستانی سوار تھے۔
واضح رہے کے ہفتے کے روز یونان کے جنوبی جزیرے گاؤڈوس کے قریب لکڑی سے بنی کشتی الٹنے سے کم از کم 5 غیر قانونی تارکین وطن ڈوب کر جاں بحق ہو گئے تھے، ڈوبنے والے 4 افراد کا تعلق پاکستان سے تھا۔

دفتر خارجہ نے کشتی حادثہ میں ریسکیو کیے جانے والے 47 پاکستانیوں کی فہرست جاری کی ہے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرابلوچ کا کہنا ہے کہ ایتھنز میں پاکستانی سفارتی مشن یونانی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں، پاکستانی شہریوں کی نعشوں کو پاکستان واپس لانے کے لیے سفارتی مشن مقامی حکام کے ساتھ رابطوں میں ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں