امریکا نے حکومت پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے مظاہرین سے اپیل کی ہے کہ وہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائی کے مطالبے کے لیے دارالحکومت کی جانب بڑھنے والے احتجاجی مارچ میں تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئین و قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے نیوز بریفنگ کے دوران صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ امریکا جمہوری روّیوں پر یقین رکھتا ہے اور ’ہم مظاہرین پر زور دیتے ہیں کہ وہ پرامن مظاہرہ کریں اور تشدد سے گریز کریں ۔میتھیو ملر نے کہا کہ ہم پاکستانی حکام سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کا احترام کریں اور پاکستان کے قوانین اور آئین کے احترام کو یقینی بنائیں کیونکہ پاکستان کے قوانین اور آئین ملک میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کام کرتے ہیں‘۔