لندن اور پیرس سمیت بیرون ملک کئی شہروں میں پی ٹی آئی کی جانب سے مظاہرہ کیا گیا

ایک طرف پاکستان میں عمران خان کی رہائی کیلئے پی ٹی آئی کا احتجاج جاری ہے تو دوسری جانب لندن اور پیرس سمیت بیرون ملک کئی شہروں میں پی ٹی آئی کی جانب سے مظاہرہ کیا گیا۔

لندن میں ٹین ڈاؤننگ سٹریٹ تحریک انصاف نے تاریخ کا سب سے بڑا احتجاج ریکارڈ کروایا، اور عمران خان اور باقی سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کے لئے آواز اٹھائی۔

لندن میں کئے گئے احتجاج میں قاسم خان سوری سمیت کئی پی ٹی آءی رہنماؤں نے خطاب کیا۔

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں پاکستان تحریک انصاف فرانس کے زیر اہتمام بانی چیئرمین عمران خان اور دیگر پارٹی رہنماؤں کی رہائی کے لیے عمران خان کی کال پر بہت بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

اس مظاہرے کی قیادت پارٹی رہنما یاسر قدیر، عابد ملک، عمر رحمان، چوہدری افضال ڈھل، چوہدری ابرار کیانی، اکرام رانجھا، چوہدری سلیم بوڑا، چوہدری ماجد چیمہ، چوہدری عبدالرحمن، راجہ طاہر سدول، چوہدری گلزار لنگڑیال، شبانہ چوہدری، نینا خان، ناصر خان، آصفہ ہاشمی نے کی۔

مظاہرین نے پارٹی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے، شدید سردی اور بارش کے باوجو مظاہرین گھنٹوں پاکستانی سفارت خانہ پیرس کے گرد شدید نعرہ بازی کرتے رہے۔

مظاہرین میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ سفارت خانہ کے باہر پہنچ کر مختلف رہنماؤں نے خطاب کرتے عمران خان سمیت تمام پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

تحریک انصاف بیلجیئم کے زیر اہتمام آج یورپی پارلیمنٹ کے سامنے بھی ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس میں خواتین اور بچوں سمیت لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے موجودہ حکومت کو غیر منتخب قرار دیتے ہوئے ان سے حکومت چھوڑنے کا مطالبہ کیا۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے قائد کی گرفتاری اور پی ٹی آئی کو اس کی انتخابی جیت سے محروم کرنے کیلئے طاقتور حلقوں کو اس کا ذمہ دار قرار دیا۔

اپنی تقاریر میں مقررین نے ملک میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے آج کے احتجاج کیلئے پیش کردہ تین بڑے مطالبات کو جلد از جلد تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا۔

مظاہرے کے دوران شرکاء وقفے وقفے سے مسلسل نعرے بازی بھی کرتے رہے۔

عمران خان کے کال پر پاکستان کی طرح اٹلی میں بھی پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان اور پاکستان کمیونٹی کے لوگ کثیر تعداد میں احتجاج کرنے نکلے اور اٹلی کے ہر شہر سے ریلی کے شکل میں نکل کر اٹلی کے شہر بریشیا پہنچے۔

بریشیا شہر کی سڑکوں پر انسانوں کا سمندر نظر آیااور بریشیا کے فضاؤں میں پاکستان اور عمران خان زندہ باد کے نعرے گونجتے رہے۔

احتجاج میں موجود تمام لوگوں کا کہنا تھا کہ ہمارا جان ومال عمران خان پر قربان ہے، ہم اوورسیز پاکستانیوں کی جدو جہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک پاکستان میں آئین کی بالادستی عدلیہ کی آزادی اور عمران خان کے ساتھ تمام سیاسی رہا نہ ہو۔

یورپ میں یہ سب سے بڑا احتجاج تھا جس میں تحریک انصاف کے علاوہ پاکستان کمیونٹی کے ہر مکتبہ فکر کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

یورپ بھر میں آج پی ٹی ائی کی طرف سے احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں، یونان کے دارالحکومت ایتھنز کے سینٹر امونیا اسکوائر پر بھی بہت بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں