خیبر پختونخوا کے ضلع کرم میں پاراچنار سے پشاور جانے والی مسافر گاڑیوں پر فائرنگ سے 38 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ضلع کرم لوئر کے علاقے اوچت میں مسافر گاڑیوں پر نامعلوم مسلح افراد نےحملہ کیا۔ گاڑیاں پاراچنار سے پشاور جارہی تھیں کہ قافلے میں شامل مسافر گاڑیوں کو پہاڑوں سے نشانہ بنایا گیا۔
گاڑیوں پر خود کار ہتھیاروں سے شدید فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ سے جاں بحق ہونے والوں میں خاتون سمیت 38 افراد شامل ہیں جب کہ متعد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ زخمیوں میں سے متعدد کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
سکیورٹی حکام نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔