کراچی( رپورٹ: شکیلہ شیخ) مزدور و محنت کش طبقے اور ان کے اہل خانہ کو مفت علاج معالجہ سمیت دیگر سہولیات کی آگاہی کیلئے کراچی کے مختلف علاقوں میں کیمپ لگائے گئے ہیں کمشنر سیسی میانداد راہوجو نے کورنگی سرکل کے کیمپ کا دورہ کیا اس موقع پر میڈیکل ایڈوائزر کامران اعوان اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ڈپٹی ڈائریکٹر کورنگی سرکل قطب الدین نے ان کا استقبال کیا۔ سندھ ایمپلائز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن کورنگی سرکل کی جانب سے گودام چورنگی پر محنت کش طبقے کو آگاہی فراہم کرنے کیلئے کیمپ لگایا گیا۔ کمشنر سیسی میانداد راہوجو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا مقصد سندھ ہائی کورٹ کی ہدایات کے تحت مزدوروں کو بینظیر مزدور کارڈ اور سیسی ایکٹ 2016 کے فوائد سے آگاہ کرنا ہے، ہم تمام مزدوروں اور کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ ان معلوماتی سیشنز میں شرکت کریں اور سیسی فریم ورک کے تحت دستیاب وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھائیں. کمشنر سیسی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت مزدور کے حقوق کی تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے پرعزم ہے اور مزدوروں کو ان کے حقوق سے محروم نہیں ہونے دیا جائے گا۔ سیسی کمشنر کا کہنا تھا کہ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں کیمپس لگائے گئے ہیں سیسی کے آگاہی کیمپوں میں بڑی تعداد میں مزدورں کی رجسٹریشن جاری ہے نئے رجسٹرڈ ہونے والے مزدوروں کو سوشل سیکیورٹی کارڈ جاری کریں گے جس سے مزدور اور ان کے اہل خانہ مفت علاج معالجہ سمیت دیگر سہولیات سے مستفید ہوسکیں گے۔ سیسی کمشنر نے ایک سوال کے جواب نیں کہا کہ آگاہی کیمپس کا مقصد سندھ ایمپلائز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن کے مینڈیٹ اور اس کے انقلابی نظام کے بارے میں بیداری پیدا کرنا ہے، جس میں ایک صحت مند معاشرہ تشکیل دینے کی صلاحیت ہے اور سیسی ایکٹ 2016 کے تحت مزدوروں اور ورکرز کو سماجی طور پر محفوظ بنا کر پاکستان کی معیشت کو اہم فوائد فراہم کیے جا سکتے ہیں۔ سیسی کورنگی سرکل کے زیر انتظام محنت کشوں کی سیسی میں رجسٹریشن اور سوشل سیکیورٹی اسکیم کے فوائد سے آگاہی مہم جارہی ہے، ڈپٹی ڈائریکٹر کورنگی سرکل قطب الدین کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ جلد ہم ان کو سوشل سیکیورٹی کے تحت بےنظیر کارڈ جاری کریں گے تاکہ مزدور اور ان کے اہل خانہ کو علاج معالجہ سمیت دیگر سہولیات میسر آسکیں گی۔