سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں پولنگ کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک کے نتائج کے مطابق عاصمہ جہانگیر گروپ کو برتری حاصل ہے۔
اب تک کے غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق عاصمہ جہانگیر گروپ کے صدارتی امیدوار میاں رؤف عطا نے میدان مار لیا ہے۔ لاہور سے عاصمہ جہانگیر گروپ کے صدارتی امیدوار رؤف عطا نے 558 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ ان کے مدمقابل حامد خان گروپ کے امیدوار نے 484 ووٹ حاصل کیے۔
ملتان سے غیرحتمی نتائج کے مطابق عاصمہ جہانگیر گروپ کے صدارتی امیدوار میں رؤف عطا کو 125 ووٹ ملے، جبکہ حامد خان گروپ کے منیر کاکڑ 85 ووٹ لے سکے، یوں رؤف عطا نے 40 ووٹوں کی لیڈ سے میدان مار لیا۔
اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے 682 سے زیادہ وکلا نے ووٹ کاسٹ کیا، جبکہ 769 ووٹ رجسٹرڈ ہیں۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق عاصمہ جہانگیر گروپ کے میاں رؤف عطا 190 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ منیر کاکڑ 160 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
غیرحتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق عاصمہ جہانگیر گروپ کے صدارتی امیدوار میاں رؤف عطا نے خیبرپختونخوا سے کلین سوئپ کیا ہے۔
غیرحتمی نتائج کے مطابق پشاور سے میاں رؤف عطا نے 127 ووٹ لے کر معرکہ جیت لیا، جبکہ حامد خان گروپ کے منیر کاکڑ کو یہاں سے 123 ووٹ ملے۔
خیبرپختونخوا کے شہر بنوں سے صدارتی امیدوار عاصمہ جہانگیر گروپ میاں رؤف عطا نے 21 ووٹ لے کر معرکہ جیت لیا، جبکہ حامد خان گروپ کے منیر کاکڑ کو یہاں سے 10 ووٹ ملے۔
اس کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان سے میاں رؤف عطا کو 25 ووٹ ملے جبکہ حامد خان گروپ کے منیر کاکڑ 11 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
غیرحتمی نتائج کے مطابق عاصمہ جہانگیر گروپ کے میاں رؤف عطا نے ایبٹ آباد سے 7، بنوں سے 11، ڈی آئی خان سے 14، سوات سے 8 اور پشاور کے پولنگ اسٹیشنوں سے 4 ووٹوں کی برتری سے میدان مارا ہے۔
غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق حیدرآباد سے عاصمہ جہانگیر گروپ کے میاں رؤف عطا نے 50 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، جبکہ حامد خان گروپ کے منیر کاکڑ 34 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
کوئٹہ سے موصول ہونے والے غیرحتمی نتائج کے مطابق حامد خان گروپ کے منیر احمد کاکڑ 119 ووٹ حاصل کرکے پہلے نمبر پر رہے، جبکہ عاصمہ جہانگیر گروپ کے رؤف عطا نے 74 ووٹ حاصل کیے۔
اسسٹنٹ پریذائیڈنگ آفیسر کے مطابق بلوچستان سے سپریم کورٹ کے 263 وکلا نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔