ٹک ٹاک نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے اشتراک کے ساتھ ڈیجیٹل حفاظت کے حوالے سے آگاہی کو فروغ دینے کے لیے ایک ’ڈیجیٹل سیفٹی‘ مقابلے کا آغاز کردیا۔
کمپنی کے مطابق اس مقابلے کے تحت ٹک ٹاک تخلیق کاروں کو 6 مختلف زمرے میں مختصر اور مؤثر ویڈیوز بنانے کی دعوت دے جا رہی ہے جن میں سوشل میڈیا کا ذمہ دار استعمال، آن لائن ہراسانی کا مقابلہ، آن لائن دھوکہ دہی کی روک تھام، نوجوانوں کی حفاظت اور بھلائی کو یقینی بنانا، ٹک ٹاک کے حفاظتی آلات کو سمجھنا، اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر غلط معلومات کا مقابلہ کرنا شامل ہیں۔
مقابلے کے ذریعے ٹک ٹاک اور پی ٹی اے کا مقصد معلومات کو پھیلانے سے پہلے تصدیق کرنے کے رجحان کو فروغ دینا اور پلیٹ فارم کے صارفین کے درمیان ڈیجیٹل سیفٹی کے پیغامات کا اشتراک کرنا ہے اور اس میں شرکت کر کے صارفین ذمہ دار آن لائن رویے کے بارے میں آگاہی بڑھانے میں کردار ادا کریں گے اور سب کے لیے ایک محفوظ ڈیجیٹل ماحول تخلیق کرنے میں مدد کریں گے۔
ٹک ٹاک اور پی ٹی اے کے درمیان یہ شراکت داری پاکستان میں ڈیجیٹل خواندگی اور سلامتی کو بڑھانے کے لیے ایک مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
تخلیق کار اپنی ویڈیوز #DigitalHifazat ہیش ٹیگ کے ساتھ پوسٹ کرکے اور @ptaofficialpk کو اپنی گزارشات میں ٹیگ کرکے مقابلے میں شامل ہوسکتے ہیں۔
انگریزی اور اردو دونوں میں دستیاب ٹک ٹاک پر مقابلے کے آفیشل ہیش ٹیگ پیج پر فارم بھر کر ویڈیوز جمع کروانے کی ضرورت ہوگی اور ایپ پر #DigitalHifazat ہیش ٹیگ تلاش کرکے صفحے تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے۔
جیتنے والی ویڈیوز کا انتخاب مواد کے معیار، موضوع سے مطابقت اور ٹک ٹاکن کی کمیونٹی گائیڈلائنز کی تعمیل کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ نتائج کا اعلان آفیشل ہیش ٹیگ پیج پر کیا جائے گا اور جیتنے والا ایپل آئی پیڈ ایئر جیتے گا جبکہ 2 رنرز اپ سام سنگ اسمارٹ فونز حاصل کریں گے۔
مواد 13 سال اور اس سے زیادہ عمر کے شرکا کے لیے کھلا ہے۔ مقابلے کا آغاز ہوچکا ہے اور یہ 5 نومبر تک جاری رہے گا۔