ایم کیو ایم پاکستان کی رکن قومی اسمبلی رعنا انصار کا جوان بیٹا ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگیا جب کہ ایک دوسرا نوجوان واقعے میں زخمی ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق بدھ کی علی الصبح کلفٹن تھانے کی حدود میں کلفٹن انڈر پاس کے قریب ٹریفک حادثےمیں جاں بحق اور زخمی نوجوان گاڑی میں سوار تھے جب کہ حادثہ موڑ کاٹتے ہوئے تیزرفتاری کے باعث پیش آیا۔
جاں بحق نوجوان کی لاش اور زخمی کو فوری طور پرجناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں جاں بحق نوجوان کی شناخت 35 سالہ شاہ زیب نقوی اورزخمی نوجوان کی شناخت 30 سالہ الیاس کے نام سے کی گئی۔
ایس ایچ او کلفٹن اعظم راجپر کے مطابق متوفی نوجوان راشد منہاس روڈ پرواقع عسکری فور کا رہائشی اورایم کیو ایم پاکستان کی خاتون رکن قومی اسمبلی بیگم رعنا انصار اور مرحوم سینئر صحافی سید انصار علی نقوی کا سب سے چھوٹا بیٹا تھا جب کہ زخمی نوجوان متوفی شاہ زیب کا دوست ہے۔
انہوں نے بتایا کہ متوفی و زخمی نوجوان گاڑی میں سوارتھے۔ صبح سویرے کلفٹن اندر پاس کے قریب گاڑی تیز رفتاری کے باعث موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہوکر قلابازی کھاتے ہوئے الٹ گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوارنوجوان شاہ زیب جاں بحق اوراس کا دوست الیاس زخمی ہوگیا۔
پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد متوفی نوجوان کی میت ورثا کے حوالے کردی ۔
دریں اثنا اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے رکن قومی اسمبلی رعنا انصار کے بیٹے کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رعنا انصار کے جواں سال بیٹے کی اچانک موت کی خبر سُن کر دلی دکھ ہوا۔ اللہ تعالیٰ رعنا انصار اور ان کے اہل خانہ کو دکھ کی اس گھڑی میں صبرِ جمیل عطا فرمائے۔