فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے سسٹم میں سست روی اور پیچیدگیوں کے باعث انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے میں عوام کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ کراچی چیمبر نے تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کا مطالبہ کردیا۔
ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا، ترجمان ایف بی آر کے مطابق انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں مزید کوئی توسیع نہیں کی جائے گی۔
ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان کو 30 ستمبر تک ہر صور ٹیکس ریٹرن فائل کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔
ایف بی آر کے مطابق اب تک 19 لاکھ 26 ہزار سے زائد گوشوارے جمع ہو چکے ہیں جبکہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والے نان فائلرز کے خلاف سخت ایکشن کی تیاری بھی مکمل کرلی گئی ہے۔
تاہم ایک طرف نان ٹیکس فائلرز پر پابندیاں بڑھائی جارہی ہیں تو دوسری طرف فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آئی) کے سسٹم میں سست روی اور پیچیدگی کے باعث انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے میں عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔
صنعت کاروں اور تاجروں کا کہنا ہے کہ آن لائن ریٹرن جمع کرنے کا پورٹل کام نہیں کررہا، لوگ ٹیکس ریٹرن فائل کرنے سے قاصر ہیں۔
کراچی چیمبر نے گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کا مطالبہ کردیا، مالی سال 2024 کے انکم ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر ہے۔