پاکستان کے نیشنل ٹیکنالوجی فنڈ کی سائبر سیکیورٹی ہیکاتھون ٹیم ایئر اوور فلو نے او آئی سی زون کے کامسیک سی ٹی ایف چیلنج میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔
سائبرسیکیوریٹی میں کیپچردی فلیگ(سی ٹی ایف ) مقابلے ایسی مشق ہوتی ہے جس میں حصہ لینے والوں کو، انفرادی طور پر یا کسی ٹیم کے حصے کے طور پرایک ’فلیگ‘ یعنی معلومات کے ایک ٹکڑے کو حاصل کرنے کے لیے سسٹم میں موجود کمزوریوں کو تلاش کرنے اورپھر ان کو حل کرنے کا چیلنج دیا جاتا ہے۔
12 گھنٹے تک جاری رہنے والے اس مقابلے میں پاکستان کی ایئر اوور فلو ٹیم نے غیر معمولی مہارت اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے وہ سخت چیلنج میں سرفہرست رہی جبکہ آذربائیجان، مالی، ترکمانستان اور اردن ٹاپ فائیو میں شامل ہیں۔
اس مقابلے میں گیمبیا، لیبیا، لبنان، کویت، اردن، گیانا، آئیوری کوسٹ، چاڈ، آذربائیجان، البانیہ، یمن، ترکمانستان، سیرالیون، قطر، فلسطین، پاکستان، مالی اور کیمرون سمیت 18 ممالک نے حصہ لیا۔
فاتح انعام ترکیہ میں ہونے والی فائنل تقریب میں دیا جائے گا جس کے بعد شرکا کے لیے 2 روزہ ایڈوانس ٹریننگ سیشن ہوگا۔ مقابلے میں حصہ لینے والی ٹیم کا کہنا ہے کہ یہ ہمارے اور پاکستان کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ ہم محسوس کرتے ہیں کہ سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں اگنائٹ کمپنی کی کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔
اگنائٹ’ کے سی ای او عدیل اعجاز شیخ نے ایک بیان میں کہا کہ ’ ہم ہمیشہ بہترین کام کے کلچر کو فروغ دینے پر یقین رکھتے ہیں اور اپنے نوجوانوں کو عالمی سطح پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے بااختیار بناتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کے اندر تکنیکی ترقی اور جدت طرازی کو آگے بڑھانے کے لیے ہمارے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ ہم سائبر سیکیورٹی کے شعبے کی ترقی کے لیے سرمایہ کاری جاری رکھیں گے تاکہ پاکستان کو سائبر سے محفوظ ملک بنایا جاسکے۔
وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کام کی قیادت میں اگنائٹ نے اب تک 3 ڈیجیٹل پاکستان سائبر سیکیورٹی ہیکاتھون منعقد کیے ہیں۔ سائبر سیکیورٹی ہیکاتھون 2024 کا چوتھا ورژن پہلے ہی ملک کے 16 شہروں میں سائبر سیکیورٹی کے بارے میں عام لوگوں کے لیے نئے فری انٹری آگاہی سیشنز اور تربیتی ورکشاپس کے ساتھ جاری ہے۔
اس کے بعد 6 شہروں میں ریجنل ہیکاتھون مقابلے اور اسلام آباد میں گرینڈ فائنل ہوگا۔ آگاہی سیشنز کا انعقاد اگنائٹ اور دیگر قومی سطح کے اسٹیک ہولڈرز کے سائبر سیکیورٹی ماہرین کر رہے ہیں۔