کراچی کے علاقے پنجاب کالونی کے مکین پانی اور بجلی کی بندش کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے، مظاہرین نے دونوں سڑکوں کو ٹریفک کے لیے بند کردیا، جس کے باعث صبح دفاتر جانے والے شہری رُل گئے۔
احتجاج کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے سے گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں، مائی کلاچی روڈ، بورڈ بیسن، تین تلوار، دو تلوار کے قریب ٹریفک کا دباؤ ہے۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہری پریشانی سے بچنے کے لیے متبادل روٹ استعمال کریں۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے آئی آئی چندریگر روڈ اور شاہین کمپلیکس کے قریب بجلی کی بندش کے خلاف بھی احتجاج جاری ہے، احتجاج ریلوے کالونی کے رہائشیوں کی جانب سے کیا جارہا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک کو کھجور چوک سے ایوان صدر روڈ کی طرف بھیجا جارہا ہے، ٹریفک کو ایم آر کیانی چوک سے ایس ایم لا کالج سے جنگ پریس کی طرف بھیجا جارہا ہے، ٹاور سے شاہین چوک آنے والی ٹریفک کو جنگ پریس سے ایس ایم لا کالج کی طرف موڑ دیا گیا ہے