یوم دفاع کی عام تعطیل کے حوالے سے سوشل میڈیا پر جعلی نوٹی فکیشن وائرل

سماجی رابطے کی مختلف سائٹس اور پلیٹ فارمز پر چھ ستمبر یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے عام تعطیل کا نوٹی فکیشن وائرل ہورہا ہے۔

نوٹی فکیشن کے وائرل ہونے کے بعد مختلف حلقوں میں عام تعطیل کے حوالے سے چہ مگوئیاں شروع ہوئیں اور سب نے اس کو پھیلانا شروع کردیا۔

جس کے بعد اب کابینہ ڈویژن نے نوٹی فکیشن کے حوالے سے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’سوشل میڈیا پر چھ ستمبر کی چھٹی کا نوٹیفکیشن جعلی ہے‘۔

یوم دفاع پاکستان کی تاریخ

یاد رہے کہ چھ ستمبر 1965 کو بھارت نے پاکستان کے خلاف مہم جوئی کی کوشش کی تھی جس پر مسلح افواج نے دشمن کے دانت کھٹے کرتے ہوئے اُسے شکست فاش دی تھی۔

پاکستان سے کئی گنا بڑے ملک نے افرادی تعداد میں کئی گنا زیادہ لشکر اور دفاعی وسائل کے ساتھ بغیر کسی اعلان کے رات کے اندھیرے میں پاکستان پر حملہ کیا۔ جس پر بہادر فوجی جوانوں نے جواں مردی اور ہمت کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے بھارت کے عزائم کو ایسا خاک میں ملایا کہ اُسے عالمی سطح پر بھی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔

اس معرکے میں فوج کے ساتھ عوام بھی بھارت کے خلاف میدان میں آگئے تھے اور اپنے وطن کی حفاظت کیلیے سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے تھے۔

پاکستان میں ہر سال 6 ستمبر کے دن کو قومی جوش و جذبے کے ساتھ مناتے ہوئے وطن پر مر مٹنے کے عزم کا اعادہ کیا جاتا ہے، اس حوالے سے سرکاری و نجی سطح پر تقاریب کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں