میانوالی میں خوارجی دہشتگردوں نے گزشتہ رات ایک پولیس چیک پوسٹ پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا جس میں 2 جوان زخمی ہوگئے، پولیس کی مؤثر جوابی کارروائی پر دہشتگرد تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق، میانوالی میں قبول خیل پولیس چیک پوسٹ پر رات گئے 12 سے 14 خوارجی دہشتگردوں نے راکٹ لانچرز اور ہینڈ گرنیڈز سے حملہ کیا، جس کا پولیس جوانوں نے بھرپور قوت سے جواب دیا اور دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔
ترجمان نے بتایا کہ چیک پوسٹ پر تعینات پنجاب پولیس کے جوان الرٹ ہونے کے باعث حملہ ناکام بنادیا گیا، پولیس کی مؤثر جوابی کارروائی سے دہشتگرد فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق، حملے میں 2 پولیس جوان معمولی زخمی ہوئے ہیں، فرار ہونے والے دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیےعلاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس چیک پوسٹ قبول خیل کے بہادر اہلکاروں کو شاباش دی ہے اور کہا ہے کہ پنجاب پولیس بین الصوبائی سرحدی چوکیوں پر دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے ۔
انہوں نے کہا ہے کہ گزشتہ چند ماہ میں پنجاب پولیس پر دہشتگردوں کا یہ 9واں حملہ ہے جو ناکام بنا دیا گیا ہے، ہماری پولیس آئندہ بھی دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملائے گی۔