وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ یہ بات بے حد خوشی کا باعث ہے کہ دفاعی صنعت کی صلاحیتوں کو اُجاگر کرنے والی آئیڈیاز نمائش و کانفرنس کی اہمیت میں ہر گزرتے سال اضافہ ہورہا ہے۔
گزشتہ 24سال کے دوران گزشتہ ایڈیشنز کے کامیاب اور بھرپور انعقاد نے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے پیش کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے
یہ بات انہوں نے دفاعی ہتھیاروں کی بین الاقوامی نمائش و کانفرنس آئیڈیاز کے 12ایڈیشن کی لوکل ہوٹل اسلام آباد میں منعقدہ سافٹ لانچ تقریب سے خطاب میں کہی۔
انہوں نے کہا کہ میں اس ایونٹ کے بھرپور اور کامیاب انعقاد کے لیے منتظمین سے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید کرتا ہوں کہ اس نمائش و کانفرنس میں مقامی اور بین الاقوامی دفاعی صنعت بھرپور شرکت کریگی۔ وفاقی وزیر نے خطاب کے اختتام پر آئیڈیاز 2024 کے انعقاد کا باضابطہ اعلان کیا۔
قبل ازیں سیکرٹری دفاعی پیداوار لیفٹننٹ جنرل (ریٹائرڈ) چراغ حیدر ہلال امتیاز (ملٹری) اور ڈائریکٹر جنرل ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن (ڈی ای پی او) میجر جنرل اسد نواز خان ہلال امتیاز (ملٹری) نے وفاقی وزیر کا استقبال کیا۔
ڈائریکٹر جنرل ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ آئیڈیاز ہر دوسرے سال منعقد کی جاتی ہے اس سال آئیڈیاز کا 12واں ایڈیشن 19سے 22نومبر کو کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نمائش کی 90فیصد اسپیس ملکی اور بین الاقوامی اداروں کی جانب سے بک کرائی جاچکی ہے۔
سال 2000میں آئیڈیاز کا آغاز 65 مقامی اور غیرملکی کمپنیوں کے ساتھ کیا گیا جبکہ گزشتہ دو ایڈیشنز میں 530 سے زاید اداروں اور کمپنیوں نے نمائش میں حصہ لیا جن میں دنیا کے 40ملکوں کے 300سے زاید غیرملکی کمپنیاں شامل ہیں۔
آج یہ ایونٹ دفاعی نمائش کنندگان، مندوبین، سیکورٹی تجزیہ کار اور اعلیٰ سطحی پالیسی منصوبہ سازوں کی ملاقات اور رابطے بین الاقوامی سطح پر اہم ایونٹ بن چکا ہے۔
سافٹ لانچ کی تقریب میں سینئر سول و ملٹری حکام،فیڈرل سیکرٹریز، سفیروں کی بڑی تعداد، ہائی کمشنرز، سینئر ملٹری اور سول عہدیداران، صدور چیمبر آف کامرس، تاجر برادری کے اشرافیہ، میڈیا نمائندوں آئیڈیاز کے ایونٹ مینیجرز بدر ایکسپو کے سی ای او نے شرکت کی