وزیراعظم شہباز شریف نے موڈیز کی جانب سے پاکستان کی پوزیشن بہتر کرنے پر وزیرخزانہ اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریٹنگ میں بہتری حکومت کی معاشی پالیسیوں کے درست ہونے کا بین الاقوامی سطح پر اعتراف ہے۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی معیشت کی ترقی اور سرمایہ کاری کے حوالے سے اقدامات پر جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزیرِ اعظم کو عالمی ریٹنگ کے ادارے موڈیز کی پاکستان کی ریٹنگ میں بہتری، مختلف شعبوں میں دوست ممالک سے سرمایہ کاری کے معاہدوں پر پیش رفت اور جاری منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔
اجلاس کو پاک-چین اقتصادی راہداری(سی پیک) کے دوسرے مرحلے کے تحت منصوبوں پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا، وزیر اعظم نے تمام منصوبوں میں شفافیت کے عنصر کو کلیدی اہمیت دینے کے ساتھ ساتھ ان کے نفاذ کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
جلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو اپ گریڈ کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے معاشی ٹیم کی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں ملک کی خاطر اپنی سیاست کی قربانی دی، پاکستانی معیشت کو ڈیفالٹ سے بچایا اور اب معیشت استحکام کے بعد ترقی کی جانب گامزن ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی جانب سے قومی مفادات کو سیاسی مصلحتوں پر ترجیح دینے کی پالیسی کے مثبت اثرات اب معیشت پر نظر آنے لگے ہیں اور موڈیز کی جانب سے پاکستان کو سی اے اے ٹو ریٹنگ دیاجانا حکومت کی معاشی پالیسیوں کے درست ہونے کا بین الاقوامی سطح پر اعتراف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ معیشت اسی رفتار سے مثبت سمت میں آگے بڑھتی رہے گی، اس اہم پیش رفت اور معیشت کی مجموعی بہتر صورت حال کے حوالے سے وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دوست ممالک سے ملک کے مختلف شعبوں میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار حکومت کی کاروبار اور سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ دوست ممالک سے سرمایہ کاری کے منصوبوں پر عمل درآمد میں کسی قسم کی سست روی قبول نہیں ہوگی، تمام وزرا اور متعلقہ ادارے مجوزہ منصوبوں پر پیش رفت تیز بنانے کے لیے اقدامات کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، معدنیات اور قیمتی پتھروں اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے، ان شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری سے نہ صرف ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ لاکھوں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے