بالاج ٹیپو قتل کیس کا مرکزی ملزم مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا : ذرائع

ذرائع کے مطابق لاہور کے علاقے شاد باغ میں مبینہ پولیس مقابلے بالاج ٹیپو قتل کیس کا مرکزی ملزم احسن شاہ مارا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق سی آئی اے پولیس ملزم کوریکوری کے لیے شادباغ لے کرجارہی تھی کہ راستے میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر دی ، نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ملزم احسن شاہ بری طرح زخمی ہوا جس کے باعث اسے ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہیں ہو سکا ۔ احسن شاہ بالاج ٹیپو قتل کیس میں مرکزی ملزم تھا ۔

واضح رہے کہ ملزم احسن شاہ کو چند ماہ قبل اپنے ہی دوست امیر بالاج ٹیپو کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ امیر بالاج ٹیپو کو 19 فروری 2024 کو شادی کی ایک تقریب کے دوران فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔

اس واقعے میں مزید دو افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ امیر بالاج کے گن مینوں کی جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور مظفر حسین بھی موقع پر مارا گیا تھا۔

قتل کا مقدمہ امیر بالاج کے بھائی امیر مصعب کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا، جس میں خواجہ تعریف گلشن عرف طیفی بٹ، اس کے کزن خواجہ عقیل اور چار نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں