سندھ کے شہر گھوٹکی میں سکھر ملتان موٹروے ایم 5 پر تیز رفتار مسافر بس اور ٹرالر کے درمیان تصادم ہوگیا، جس کے نتیجے خواتین بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق افسوسناک حادثے کا شکار بدنصیب مسافر بس مانسہرہ سے کراچی جارہی تھی کہ سکھر ملتان موٹر وے پر گھوٹکی کے گاؤں ڈرنگ ملوک والی کے مقام پر بس کی کلینر سائیڈ ٹرالر سے ٹکراگئی حادثے میں 8 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 7 زخمی ہوگئے۔
جاں بحق افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 3 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، حادثے کی اطلاع پر پولیس اور رینجرز نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ریسکیو کیا اور تحصیل اسپتال گھوٹکی منتقل کر دیا۔
موٹر وے پولیس کے مطابق کہ حادثے کے وقت بارش جاری تھی شاید بارش کی وجہ سے حادثہ پیش آیا ہ
دوسری جانب بس کے ملبے اور ٹرالر کو ریسٹ ایریا گھوٹکی ٹھکانے لگایا گیا ہے جبکہ بعض متوفیوں کے ساتھ ورثا نہ ہونے کی وجہ سے شناخت میں دشوری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق جاں افراد میں مانسہرہ کے نور الٰہی، شگفتہ، روزینہ ،انیبہ اور حسنات شامل ہیں جنکی میتیں اسپتال میں رکھی گئی ہیں۔
اُدھرلیاقت پور میں بستی نوناری کے قریب آئل ٹینکر ریپئرنگ کیلئے کھڑے ٹریلر سے جاٹکرایا، حادثے میں 4 افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی علامہ شبیر عثمانی روڈ پر تیز رفتار کار کی ٹکر سے 3 موٹر سائیکل سوار زخمی ہوگئے، حادثے کے بعد کار سوار خاتون موقع سے فرار ہوگئی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا اظہار افسوس
دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ٹرالر اور کوچ میں تصادم کے باعث انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے۔
محسن نقوی نے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی جبکہ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی۔