امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ آئی پی پیز والے عوام اور پاکستان دونوں کے دشمن ہیں ، ان سے جان چھڑاکر ہی رہیں گے ، معاہدے پر عمل نہ کیا گیا تو 42 دن بعد تمام راستے اسلام آباد کی طرف جائیں گے اور پھر ہم اپنے مطالبات منوا کر ہی واپس آئیں گے، اسکولوں کو این جی اوز کے حوالے کرنا تعلیم کو برائے فروخت بنانے کے مترادف ہے ، پنجاب حکومت ایسے تعلیم دشمن منصوبے سے باز رہے ۔
لاہور میں جماعت اسلامی کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے امیر حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ معیاری تعلیم ہر بچے کا حق ہے جامعات کوتباہ نہ کریں، معیاری تعلیم کاحق ہم چھین کے لیں گے، جماعت اسلامی کی حق دوعوام تحریک کا مطلب عوامی حکمرانی ہے، ماوں، بہنوں اور بیٹیوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے، جہالت کو لوگ اپنی تقدیرسمجھتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ہمارا کسان مقروض ہے، اپنے حقوق کیلئے ہمارے ساتھ نکلو، توانائی اور پانی کے مسئلے کا حل جماعت اسلامی کے پاس ہے، مغرب کا سرمایہ دارانہ نظام عوام کو کچھ دے نہیں سکتا، ہم وسیع تر ایجنڈے پر قوم کو متحد کریں گے، واحد راستہ دین ہے جو کامیابی کو جاتا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ یہ تحریک چوروں اور ڈاکوؤں کو باہر اٹھا پھینکے گی، ملک میں 2 کروڑ سے زائد بچے اسکول نہیں جاتے، ہم گالیاں دینے والے لوگ نہیں، وزیراعلی نے 13 ہزار اسکول این جی اوز کو دے رکھے ہیں، میری التجا ہے ایسا نہ کریں تعلیم کو برائے فروخت نہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم پیچھا نہیں چھوڑیں گے ، 42 دن بعد پوری قوت سے واپس آئیں گے، آئی پی پیز کے ڈاکوؤں سے ہماری جنگ ہے، نوجوان اپنی توجہ اپنے مقصد پر مرکوز رکھیں، عوامی حقوق پر سب سے مؤثر آواز جماعت اسلامی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری اقلیتیں جانتی ہیں ہمارا قانون انُکے حقوق کا تحفظ کرتا ہے، نوجوان اہم ایشوز پر توجہ مرکوز رکھیں، معاہدے کے مطابق بجلی کے بلز وصول کیے جائیں، سود کی لعنت ختم ہونی چاہیے، جماعت اسلامی کا معاہدہ بڑی عرق ریزی کے بعد طے پایا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے لوگ ایمانداری کی مثال ہیں، اللہ کی ذات بڑی ہے کوئی بدنامی کا داغ نہیں ہے، جماعت اسلامی طالع آزما حکمرانوں کو ٹکر دے گی۔