افواج پاکستان کشمیر کے بہادر عوام کے ساتھ ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں افواج پاکستان کشمیر کے بہادر عوام کے ساتھ ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں غیرانسانی لاک ڈاؤن، مقبوضہ علاقے کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کے لیے غیرقانونی بھارتی اقدامات اور انسانی حقوق کی پامالی، یہ سب بین الاقوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے اور خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنا ناگزیر ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آج کے دن افواج پاکستان مقبوضہ کشمیر کے شہدا کو ان کی عظیم قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آج کے دن افواج پاکستان مقبوضہ کشمیر کے شہدا کو ان کی عظیم قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتی ہے، اس کے علاوہ ظلم اور غیرقانونی تسلط کے خلاف کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی سیاسی، اخلاقی اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر حکومت پاکستان ان کے مؤقف کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتی ہے۔

’2024 میں اب تک 23 ہزار سے زائد انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے‘
ان کا کہنا تھا کہ سال 2024ء کے دوران سیکیورٹی فورسز کی جانب سے اب تک انسداد دہشتگردی کے حوالے سے 23 ہزار 622 چھوٹے بڑے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے جن میں صرف گزشتہ 15 دن میں 2 ہزار 45 آپریشنز کیے گئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ان 15 دنوں میں 24 دہشتگردوں کو واصل جہنم کیا گیا، دہشتگردی کے ناسور سے نمٹنے کے لیے فوج، انٹیلیجنس ایجنسیاں، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے روزانہ کی بنیاد پر 100 سے زیادہ آپریشنز کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے حال ہی میں ایک اہم فیصلے اور نوٹیفیکیشن کے ذریعے کالعدم ٹی ٹی پی کو ’فتنہ الخوارج‘ کے نام سے نوٹیفائی کیا، آئندہ سے اس کو اسی نام سے پکارا جائے گا اور اس سے جڑا ہر دہشتگرد خارجی پکارا جائے گا۔

’139 افسران اور جوان شہید ہوئے‘
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ ایک فتنہ ہے، یہ نہ تو کوئی تحریک ہے اور نہ ہی اس کا دین اسلام اور پاکستان سے کوئی تعلق ہے۔

انہوں نے کہا کہ 28 اور 29 جولائی کو ضلع مہمند میں ایک اہم انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے خارجی قاری عرف ناری کو جہنم واصل کیا گیا۔ اسی طرح ڈی آئی خان میں اہم خارجی دہشتگرد صفت عرف منصور کو جہنم واصل کیا گیا۔ خارجی صفت 12 دسمبر 2023ء کو درابن میں خودکش بم دھماکے میں سہولتکاری اور علاقے میں متعدد دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سال 2024ء کے پہلے 7 ماہ میںدہشتگردی کے خلاف ان آپریشنز میں 139 بہادر افسران اور جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، پوری قوم ان بہادر سپوتوں اور ان کے لواحقین کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں