حکمران ہوش کے ناخن لیں، ایسا نہ ہو ہم بجلی کے بل ادا نہ کرنے کی اپیل کردیں، حافظ نعیم الرحمان

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ ہم تصادم اور ٹکراؤ کا راستہ اختیار نہیں کریں گے، لیکن 7 نکاتی ایجنڈے سے بھی پیچھے بھی نہیں ہٹیں گے۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں، ایسا نہ ہو ہم بجلی کے بل ادا نہ کرنے کی اپیل کردیں۔

راولپنڈی میں جاری دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ وزیراعظم بجلی کے بل کم کریں، اسی میں ان کی نجات ہے

امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ لاہور دھرنے کا اعلان ایک سے دو روز میں کیا جائے گا، یہ تحریک حق کی بالادستی کے لیے ہے۔

انہوں نے کہاکہ بجلی کے بل ادا کرنا عوام کے بس کی بات نہیں، حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہییں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ حکمران مذاکرات میں کچھ اور بات کرتے ہیں، جبکہ بعد میں کچھ اور کہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ایک طرف آئی پی پیز تو دوسری طرف کے الیکٹرک لو ٹ رہی ہے، ہمیں اتنے بھاری بجلی بل قبول نہیں۔ سارا بوجھ تنخواہ دار طبقہ اٹھائے ایسا نہیں چلےگا۔

انہوں نے ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ یہ جماعت ہر حکومت میں شامل ہوتی ہے اور اپنا حصہ وصول کرتی ہے۔

واضح رہے کہ جماعت اسلامی کا راولپنڈی میں دھرنا 10 روز سے جاری ہے، اور انہوں نے بجلی کے بل کم کرنے سمیت مہنگائی کم کرنے کے لیے حکومت کو اپنے مطالبات پیش کیے ہیں، اس سے قبل حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کے بھی دو دور ہوچکے ہیں تاہم کسی نکتے پر اتفاق نہیں ہوسکا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں