جمعہ اور ہفتہ کے دن ضلع میں مکمل لاک ڈاؤن ہوگا،ڈپٹی کمشنر

گجرات(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ این سی او سی کے فیصلے اور حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کے دن ضلع میں مکمل لاک ڈاؤن ہوگا، گزشتہ روز، مقررہ وقت پر دکانیں بند نہ کرنے، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 32افراد کیخلاف مقدمات درج کرائے گئے، 12دکانوں کو سیل، متعدد افراد پر جرمانے عائد کر دیے گئے، یہ تفصیلات انہوں نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتائیں، اے ڈی سی جی افضل حیات تارڑ، اے سی وقار حسین خاں بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ این سی او سی کے فیصلے کے مطابق لاک ڈاؤن کے دونوں ایام کے دوران کورونا ویکسی نیشن سنٹرز، میڈیکل سٹورز، پٹرول پمپس، سبزی، چکن کی دکانوں کے علاوہ تمام کاروبار مکمل بند رہیں گے ہوٹلوں سے ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کیطرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق لاک ڈاؤن کے احکامات میں سختی کا فیصلہ کرونا کیسز کی تعداد میں اضافہ کے پیش نظر کیا گیا ہے جن کے مطابق اتوار تا جمعرات تمام کاروباری سرگرمیاں روزانہ شام 6بجے تک بند کر دی جائیں گی، جبکہ ہفتہ اور اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنرز کی قیادت میں ٹیموں نے شام چھ بجے تک دکانیں بند نہ کرنیوالوں اور کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا، ضلع بھر میں 357مقامات پر انسپکشن کی گئی اس دوران کاروبار بند نہ کرنے، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 32افراد کیخلاف فوجداری کاروائی کی گئی، 12کاروباری مقامات کو سیل کر دیا گیا جبکہ متعدد افراد کیخلاف 29500روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں