نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے حکومت سے جواب طلب

لاہور(جے ایم ڈی ) ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کے لئے دائر درخواست پر وفاقی حکومت کو دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔تفصیلات کے مطابق جسٹس مامون رشید شیخ نیدرخواست گزار بیرسٹر جاوید اقبال کی جانب سے دائر کردہ کیس کی سماعت کی‘ درخواست میں کہا گیا کہ خدشہ ہے کہ نواز شریف دوبارہ وطن سے باہر چلے جائیں گے۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ پانامہ کیس کے فیصلے کی روشنی نوازشریف کو نااہل قرار دیا گیا ہے ‘ میاں نوازشریف سپریم کورٹ کے احکامات کے برعکس نیب میں پیش نہیں ہو رہے۔ میاں نواز شریف کے پاس کئی ممالک کے ویزے لگے ہیں جس کی وجہ سے خدشہ ہے کہ وہ سزا سے بچنے کے لیے بیرون ملک چلے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس کے علاوہ عدالتوں میں میاں نواز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ‘ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بغیر ملکہ برطانیہ سے سر کا خطاب لینے کے علاوہ ایمل کانسی کو امریکہ کے حوالے کرنے کے مقدمات زیر التواء ہیں۔انہوں نے استدعا کی کہ عدالت میاں نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کے احکامات صادر کرے‘ جس پر عدالت نے وفاقی حکومت کو سات دسمبر کے لئے دوبارہ نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں