آر پی او گوجرانوالہ کا دورہ گجرات (رپورٹ:قیصر اعجاز ملہی)

گجرات (قیصر اعجاز ملہی)آر پی اوگوجرانوالہ طارق عباس قریشی کا گجرات کا دورہ،ڈی پی او گجرات توصیف حیدر کے ہمراہ تھانہ صدر سرائے عالمگیرمیں کھلی کچہری کا انعقاد کیا آر پی او گوجرانوالہ نے بہترین کارکردگی کے حامل افسران و جوانوں کو تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے تفصیلات کے مطابق آر پی او گوجرانوالہ طارق عباس قریشی نے ضلع گجرات کی تحصیل سرائے عالمگیر کا دورہ کیا۔شہریوں نے سرائے عالمگیر پہنچنے پر آر پی او طارق عباس قریشی کا پرتپاک استقبال کیا،اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ آر پی او گوجرانوالہ طارق عباس قریشی نے ڈی پی او گجرات توصیف حیدر کے ہمراہ شہریوں کے مسائل سننے کے لئے تھانہ صدر سرائے عالمگیر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہری میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور آر پی او گوجرانوالہ کواپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ آر پی او گوجرانوالہ نے تمام سائلین کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو میرٹ پر حل کیا جائے گا اور انصاف کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنا ہمارا مشن ہے،جسے پورا کرنے کے لئے پورے ریجن میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری ہے۔کھلی کچہری سے خطاب کر تے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ طارق عباس قریشی نے کہا کہ میں شہریوں کی جانب سے والہانہ استقبال اور محبت کا شکر گزار ہوں،میں اس موقع پر عوامی نمائندگان اور سرائے عالمگیر کے شہریوں کی موجودگی میں ان پولیس افسران و ملازمان کو خراج تحسین پیش کر تا ہوں۔جنہوں نے اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کرسرائے عالمگیررکھ پبی بیلہ جو کہ خطر ناک اشتہاریو ں کی آماجگاہ بنا ہوا تھا کوان ناسوروں سے پاک کر کے سرائے عالمگیرکوحقیقی معنوں میں امن کو گہوارہ بنا دیاہے۔ آر پی اوطارق عباس قریشی نے اعلیٰ کارکردگی پرڈی پی او گجرات توصیف حیدر اور ان کی ٹیم کوزبر دست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے ڈی پی گجرات سید توصیف حیدر کے ہمراہ جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے رکھ پبی بیلہ کو جرائم پیشہ عناصر اور خطرناک اشتہاریوں سے پاک کر نے والے افسران و ملازمان میں تعریفی سرٹیفکیٹ و نقد انعامات بھی تقسیم کئے۔اس موقع پر پارلیمنٹرین، صحافی برادری، تاجروں کے نمائندوں نے علاقہ کو جرائم سے پاک کرکے حقیقی امن قائم کرنے پر آر پی او گوجرانوالہ اور ڈی پی او گجرات کی شہریوں کے لئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں