گجرات کی مصنوعات یورپ میں متعارف کرائینگے: قمر اقبال

گجرات (نمائندہ خصوصی) چیئرمین پاکستان یونین ناروے چوہدری قمر اقبال نے کہا ہے کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ ہمارے پرانے تعلقات ہیں۔ گجرات کی مصنوعات یورپ میں متعارف کرانے کیلئے پاکستان یونین ناروے گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے کیلئے تیار ہے۔ مصنوعات کی کوالٹی اور معیا ر کو یورپین سٹینڈرڈ کے مطابق تیار کیا جائے۔ ہم یورپین ممالک کی منڈیوں تک گجرات کی مصنوعات کو متعار ف کرانے کے لئے مکمل تعاون کیلئے تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نو منتخب صدر چوہدری وحید الدین ٹانڈہ، سینئر نائب صدر حسن عادل اور نائب صدر حماد اسلم اور دیگر ایگزیکٹو ممبران کو مبارکباد دینے کے بعد کیا۔ اس موقع پر میاں بشیرآف ناروے، میاں مزمل بٹ بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ باؤ منیر پشاوری، احمد حسن مٹو، توصیف عبداللہ، خان شبیر خان، نعمان شفیق، ندیم اکرم بٹ بھی موجود تھے۔ چوہدری قمر اقبال نے کہا کہ گجرات کے بزنس مین اپنی مصنوعات کی تیاری میں کوئی کمپرومائز نہ کریں۔ اس وقت یورپ میں زیادہ تر پراڈکٹس انڈیا اور بنگلہ دیش کی فروخت ہو رہی ہیں۔ ہمیں اپنی کوالٹی، کوانٹی کو بہترکرنا ہو گا او ر ان کے معیار کے مطابق بنانا ہو گا تب ہی ہم یورپ کی منڈی پر حاوی ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گجرات چیمبر کے ساتھ ایم او یو بھی سائن کریں گے اور تجارتی وفود بھی ناروے اور یورپ لے کر جائیں گے۔ چوہدری قمر اقبال نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی بے تحاشہ مسائل کا شکار ہیں اور ان کے مسائل کے حل کیلئے گجرات چیمبر کے عہدیداران و ممبران اوورسیز پاکستانیں کا ساتھ دیا کریں کیونکہ ان کی پراپرٹیوں پر قبضے ہو جاتے ہیں۔ جھوٹے مقدمات میں الجھایا جاتا ہے۔ تھانہ کچہری کلچر اور پٹواری کلچر میں ہمارے اوورسیز بھائی بری طرح پھنس جاتے ہیں ان کی گاڑیوں کو دیکھ کر بااثر لوگ حسد کرتے ہیں اور پھر ان پر جھوٹے مقدمات درج کروا دیتے ہیں۔ صدر گجرات چیمبر چوہدری وحید الدین ٹانڈہ نے چوہدری قمر اقبال کی گجرات چیمبر میں آمد پر ان کاشکریہ ادا کیا اور کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لئے گجرات چیمبر میں ہیلپ ڈیسک قائم کیا جائے گا جہاں پر انہیں سرمایہ کاری کرنے کے ساتھ ان کے مسائل کے حل کیلئے بھی اقدامات کئے جائی گے۔ پاکستان یونین ناروے کے ساتھ مل کر چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری قمر اقبال ناروے میں پاکستانی اور گجرا ت کا نام روشن کر رہے ہیں اور کمٹمنٹ کے پکے ہیں۔انشاء اللہ تعالیٰ ہم ان کی توقعات پر بھی پورا اتریں گے۔ اس موقع پر صدر چوہدری وحید الدین نے انہیں گجرات چیمبر کے دفاتر کا وزٹ کرایا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں