چوہدری قمراقبال کی ڈی سی سے ملاقات، اوورسیزپاکستانیوں کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا

اوسلو/گجرات(جے ایم ڈی) چیئرمین پاکستان یونین ناروے چوہدری قمر اقبال نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر گجرات محمد سیف انور جپہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں بتایاگیا کہ چونکہ اکثر اوورسیزپاکستانیوں خاص طور پر سکینڈے نیویا سمیت یورپ کے مختلف ملکوں میں رہنے والے پاکستانیوں کا بنیادی تعلق ضلع گجرات سے ہے اور اس لیے پاکستان میں ان کے اکثر مسائل اپنے آبائی ضلع سے متعلق ہیں۔ ڈی سی گجرات نے قمراقبال کا اپنے دفتر میں خیرمقدم کرتے ہوئے توجہ سے مسائل کو سنا اور چوہدری قمراقبال کو یقین دہانی کرائی کہ اوورسیز پاکستانیوں کے جائز مطالبات پر ترجیحی بنیادوں پر غور کیا جائے گا۔ چوہدری قمر اقبال نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان میں تحفظ چاہئے کیونکہ یہاں پر ان کی املاک پر قبضے ہو رہے ہیں، ان پر جھوٹے مقدمات بنائے جاتے ہیں اور انہیں تھانے اور کچہریوں میں الجھا دیا جاتا ہے۔چیئرمین پاکستان یونین ناروے نے ان مسائل کو باقاعدہ ایک تحریرکے ذریعے بھی ڈپٹی کمشنر کو پیش کیا جس میں سرکاری اہلکاروں کے نامناسب رویے، بعض اوقات شہریت کے حصول میں مقامی پولیس کی طرف سے این او سی جاری کرنے میں بلاوجہ تاخیر، زمین کے تنازعات و جائیداد سے متعلق دیگر مسائل اور املاک کے ریکارڈ (زمین کا فرد) کے حصول میں دشواری کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ڈی سی گجرات نے بتایاکہ زمین کے فرد کا حصول ایک جدید سسٹم کے تحت آسان بنایاجارہاہے جس سے لوگوں کو پرانے پیچیدہ نظام سے چھٹکارا حاصل ہوجائے گا اور وہ کمپیوٹرائز سسٹم کے ذریعے بآسانی سے اپنی زمین کا ریکارڈ حاصل کرسکیں گے۔ انہوں نے پولیس سے متعلقہ مسائل کے حوالے سے کہاکہ اس سلسلے میں ڈی پی او گجرات سے بھی آپ کی ملاقات ضروری ہے۔ملاقات کے دوران قمراقبال کو یقین دلایا گیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ ڈی سی گجرات نے پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین قمراقبال اور ان کی ٹیم کی پاکستان کے حوالے سے خدمات اور رفاہ عامہ کے لیے کوششیں کو قابل قدر قرار دیا۔قمراقبال نے کہاکہ ہماری ان کاوشوں کو کامیاب بنانے میں گجرات کے میڈیا کا بڑا کردار ہے۔ ڈی سی گجرات نے ان کی بات سے اتفاق کیا اور اس سلسلے میں میڈیا سے وابستہ افراد کی کاوشوں کو سراہا۔ چیئرمین پاکستان یونین ناروے نے ڈی سی گجرات کی طرف سے ضلع کی عوام کی بہتری کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کو قابل ستائش قرار دیا اور کہاکہ گجرات کے لوگ آپ کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ گجرات کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ واچھے افسروں کو کبھی بھی فراموش نہیں کرتے بلکہ ان کے ضلع سے تبادلے کے بعد بھی انہیں اچھے الفاظ میں یاد رکھتے ہیں۔ آپ کی سربراہی میں ضلع انتظامیہ اچھے کام کررہی ہے اور اس بات کا اعتراف اوورسیز پاکستانی بھی کرتے ہیں۔ ڈی سی گجرات نے بتایاکہ اوورسیزپاکستانی ہمارے لیے قابل احترام ہیں اور وہ کسی بھی وقت اپنے مسائل کے حوالے سے بلا جھجھک مجھ سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بے شک نظام میں نقائص ہیں لیکن ہماری کوشش ہے کہ لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا کی جائیں اور ان کے مسائل بلاتاخیر حل کئے جائیں۔ واضح رہے کہ چیئرمین پاکستان یونین ناروے ان دنوں پاکستان میں ہیں جہاں وہ پچھلے کئی دنوں سے پاکستانی حکام سے ملاقاتیں کرکے انہیں اوورسیزپاکستانیوں سے پاکستان میں متعلق جملہ مسائل سے آگاہ کررہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں