ابو ظہبی میں خان زمان سرور کی طرف سے رنگارنگ تقریب کا انعقاد

پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات مضبوط اور دیرینہ ہیں
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شیخ زاید بن سلطان النہیان ایک دور اندیش اور بلند پایہ لیڈر تھے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ابو ظہبی میں خان زمان سرور کی طرف سے رنگارنگ تقریب کا انعقاد
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
حکومت یو اے ای کے اعلیٰ حکام کی خصوصی شرکت

۔۔۔۔۔۔۔۔۔

متحدہ عرب امارات کے 46ویں قومی دن کے موقع پر ابو ظہبی میں ایک خصوصی تقریب ہوئی جس کا اہتمام ممبر بورڈ ابو ظہبی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری خان زمان سرور نے کیا تھا جس میں پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ حکومت یو اے ای کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی ۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر آفس منسٹر برائے صدارتی امور علی بن سالم الکعبی تھے ۔ ابو ظہبی کے مدینہ زاید میں اس تقریب کا خصوصی اہتمام کیا گیا تھا ۔ جس میں پاکستان اور یو اے ای کے پرچم ایک ساتھ لہرائے گئے تھے جبکہ پنڈال کو خوبصورت جھنڈیوں اور قمقموں سے سجایا گیا تھا ۔ تقریب میں سفارتخانہ پاکستان برائے متحدہ عرب امارات کی طرف سے قونصلر سجاد احمد اور ٹریڈقونصلر کامران خان نے شرکت کی ۔ دیگر لوگوں میں ممبر بورڈ ابوظہبی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری محترمہ دلال سعید القبیس ‘ چوہدری محمد انور ‘ چوہدری محمد صدیق ‘ حاجی دراز خان ‘ ملک حبیب الرحمن ‘ چوہدری محمد ارشد ‘ زمرد بونیری اور دیگر متعدد لوگوں نے شرکت کی ۔
اس موقع پر مہمانِ خصوصی علی بن سالم الکعبی نے کہا کہ میرے لئے بے حد خوشی کا مقام ہے کہ پاکستانی عوام ہمارے ساتھ خوشیوں میں شامل ہیں اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ جب یو اے ای کا قیام عمل میں آیا تو سب سے پہلے پاکستان نے ہمیں تسلیم کیا ۔ ہمیں وہ دن یاد ہے یہی وجہ کہ پاکستانیوں کا احترام ہمارے دل میں موجود ہے ۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کے 46ویں قومی دن کے موقع پر اتنی خوبصورت تقریب کے انعقاد پر حاجی خان زمان سرور کا شکریہ ادا کیا ۔ سفارتخانہ پاکستان کے کمرشل سیکرٹری کامران خان نے کہا کہ یو اے ای اور پاکستان کے مابین تعلقات مثالی ہیں جس پر ہمیں فخر ہے جبکہ پاکستانیوں نے بھی متحدہ عرب امارات کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار بطریق احسن ادا کیا ہے ۔ متحدہ عرب امارات کی عظیم الشان ترقی پر انہوں نے امارات کے لیڈران کے وژن کو بھی سراہا اور خراجِ تحسین پیش کیا ۔

 

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں