کراچی(جے ایم ڈی) مزاح کا ایک عہد تمام ہوا اور کامیڈین کنگ عمر شریف کی نمازِ جنازہ ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں عمر شریف پارک کلفٹن میں ادا کی گئی اور انہیں بزرگ صوفی حضرت عبداللّٰہ شاہ غازی رحمہ اللّٰہ علیہ کے مزار کے احاطے میں سپرد خاک کردیا گیا۔ عمر شریف کی نمازِ جنازہ مولانا بشیر فاروقی نے پڑھائی، نمازجنازہ میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، صوبائی وزیر سعید غنیایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب، مولانا تنویر الحق تھانوی، فیصل ایدھی، چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال، پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان، پی ایس پی رہنما انیس قائم خانی، ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار، آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ کے علاوہ سیاسی، سماجی تنظیموں کے رہنماؤں، شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور مداحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ عمر شریف پارک کے مرکزی گیٹ پر دھکم پیل کی وجہ سے مرکزی گیٹ بند کر دیا گیا، پارک کے اندر اور باہر عوام کا شدید رش ہے۔ عمر شریف کی میت کو نمازِ جنازہ کے لیے ان کی گلشن اقبال میں واقع رہائش گاہ سے عمر شریف پارک کلفٹن منتقل کئےجانے کے موقع پر عمر شریف کے مداح، عزیر و اقارب بڑی تعداد میں ان کی رہائش گاہ پر موجود تھے جو میت کے ہمراہ جنازہ گاہ آئے۔نمازِ جنازہ کے بعد عمر شریف کی میت کو سپردِ خاک کرنے کے لیے صوفی بزرگ حضرت عبداللّٰہ شاہ غازی ؒ کے مزار لایا گیا بعد ازاں عمر شریف کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں صوفی بزرگ حضرت عبداللّٰہ شاہ غازی ؒ کے مزار کے احاطے میں شیخ لیاقت کمپاؤنڈ میں سپردخاک کردیا گیا ۔میت کی منتقلی کے موقع پر بلاول چورنگی سے ضیاء الدین اسپتال جانے والی سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کیا گیا۔ قبل ازیں کامیڈی کنگ عمر شریف کی نماز جنازہ میں شرکت کے لئے مداح صبح سویرے سے ہی کلفٹن پہنچنا شروع ہوگئے تھے قبل ازیں عمر شریف کی میت وطن کی خاک سے جڑنے کے لیے جرمنی سے کراچی پہنچادی گئی تھی عمر شریف کی اہلیہ زرین غزل بھی اسی جہاز میں پاکستان پہنچیں ائیرپورٹ پر عمر شریف کے بیٹوں اور عزیز و اقارب نے میت وصول کی۔ میت ترک ائیر لائن کی پرواز سے کراچی پہنچائی گئی کراچی ایئر پورٹ پر عمر شریف کے مداح دوست اور فیملی کے افراد موجود تھے جو عمر شریف کو یاد کرکے رورہے تھےسبز ہلالی پرچم میں لپٹے عمر شریف کے جسد خاکی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتی رہی ایدھی کی ایمبولینس پھولوں کی پتیوں سے ڈھانپ دی گئی تھی عمر شریف کے جسد خاکی کو کراچی ائیرپورٹ سے ایدھی سرد خانہ سہراب گوٹھ منتقل کردیا گیا ٹریفک پولیس نے ایمبولینس کو پروٹوکول بھی دیا جبکہ پولیس کمانڈوز نے سیکورٹی فراہم کی عمر شریف کے صاحبزادوں جواد عمر اور فواد عمر نے دوستوں احباب اور عوام سے اپیل کی ہے کہ ہمارے پیار ے والد اور سب کے ہردلعزیز آرٹسٹ عمر شریف کی نماز جنازہ بدھ کو دوپہر تین بجے عمر شریف پارک کلفٹن میں شرکت فرمائے جس کے بعد ان کے ساتھ سفر آخرت میں شریک ہو کر عبداللہ شاہ غازی مزار میں تدفین اور دعا میں شریک ہوکر اپنی محبت وعقیدت کا اظہار کریں اور انہیں ہمیشہ اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔
